• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری سرجری ہونی ہے مگر باہر نہیں جاؤں گی، سینیٹ الیکشن میں تبدیلی کا امکان ہے، مریم نواز

میری سرجری ہونی ہے مگر باہر نہیں جاؤں گی، مریم نواز


وزیر آباد / لاہور (نمائندگان جنگ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازنے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ میری سرجری ہونی ہے مگر کوئی گھر آکر بھی پیشکش کرے تو باہر نہیں جاؤں گی، حکومت ٹکٹوں کی تقسیم پرتقسیم ہوچکی، سینیٹ الیکشن میں تبدیلی کا امکان ہے، حکومت کی پالیسی ’’ وچوں وچوں کھائی جاؤ، اوتوں رولا پائی جاؤ‘‘ ہے ، پنجاب کی بیٹی ہوں پنجاب کی بات کیوں نہ کروں ، عوام سے زیادہ سلیکٹرز مشکل میں ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کی مہم کے سلسلے میں وزیرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی اور جماعت نے وزیرآباد کی خدمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی اور عمران خان کا نمائندہ ووٹ مانگنے آئے تو اس کو چائے پانی پلا کر پوچھنا کہ ایک کروڑ نوکریاں بھی ہمیں ملیں، چینی، روٹی، تیل اور دوائیاں بھی سستی ہوگئی ہیں اور سارے نعرے پورے کرچکے ہیں تو اب کیا نیا نعرہ لائے ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج میں وزیر آباد کو نواز شریف اور شہباز شریف کا دور یاد کرانے آئی ہوں، پرسوں ڈسکہ میں پنجاب کی بات کی تو حکومت کو بڑی مرچیں لگیں اور کہتے ہیں کہ مریم پنجابی کارڈ کھیل رہی ہے، مریم پنجاب کی بیٹی کی پنجاب کی بات کیوں نہ کرے، مریم پاکستان کی بیٹی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کے بغیرپنجاب صرف لاوارث نہیں ہوا بلکہ یتیم ہوگیا ہے، حکومت پر تنقید کرتےہوئے کہا کہ عمران خان ایسے ہی جیسے چور مچائے شور، کھائے جاؤ اور شور مچائے جاؤ، عمران خان اور اس کی حکومت آٹا چور، 225؍ ارب کا آٹا چوری کرکے عمران خان کھا گیا، ان کی پالیسی ہے وچوں وچوں کھائی جاؤ، اوتوں رولا پائی جاؤ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اس لیے مہنگی مل رہی ہے کیونکہ عمران خان کے خرچے اٹھانے والوں نے جان بوجھ کر مہنگی ایل این جی منگوائی اور ایل این جی پر 122؍ ارب کا ڈاکا ڈالا، 500؍ ارب کی دوائیاں چوری کیں، 15؍ ہزار ارب کا قرضہ لے لیا اور ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، 125؍ ارب کی میٹرو بنائی، وہ میڑو نہیں بلکہ کھڈے ہیں، 5، 6 سال لگا کر آج وہ ایسی بس ہے کہ عوام کا بس نہیں چلتا۔ دریں اثناءگوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ کہیں نہیں جائیں گی اور انہیں پاکستان میں رہی رہنا ہے اگر ان کے گھر آکر بھی کوئی پیشکش کرے تب بھی پاکستان سے باہر نہیں جائیں گی۔

تازہ ترین