• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہاں اتنی تبدیلیاں کیں، PDM لانگ مارچ کی تاریخ بھی بدل دے، شیخ رشید

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جہاں اتنی تبدیلیاں کیں،پی ڈی ایم لانگ مارچ کی تاربخ بھی بدل دے، سینیٹ الیکشن میں عمران ہی کامیاب ہوں گے، نواز شریف وطن آنا چاہیں تو انہیں اجازت دے سکتا ہوں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا جبکہ مسیحی برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے روزے شروع ہو رہے اور ان سے درخواست ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور میرے لیے دعا بھی کریں، میں مسیحی سکول سے پڑھا ہوں۔ 

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا ہے کہ PDMنے جہاں اتنی تبدیلیاں کیں، لانگ مارچ کی تاربخ بھی بدل دے، اور یہ رمضان المبارک کے بعد کر لیں،سینٹ الیکشن میں کوئی سرپرائز نہیں ہو گا۔

عمران خان کو ہی کامیابی ملے گی، جو بکنے والا ہوتا ہے اس کا ضمیر ہی مردہ ہوتا ہے، جو ایک مرتبہ بکتا ہے وہ بار بار بکتا ہے ،آصف زرداری نے ووٹ خریداری میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے مگر اس بار انہیں بھی مایوسی ہو گی، 4 مارچ کے بعد ملک میں سیاسی سکون اور بہتری آئے گی۔

عمران خان کا ستارہ عروج پر ہوگا ،نظام کو تباہ کرنے کے خواہاں لوگوں کو سینیٹ میں بہت بڑی شکست ہو گی،نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہو چکی ، نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے تجدید نہیں ہو گی، اگر وہ وطن واپس آنا چاہیں تو 72 گھنٹے کیلئے انہیں خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔

مریم نواز کا نام بھی ای سی ایل میں ہے وہ بیرون ملک سرجری کیلئے جانے کی خواہاں ہیں ، 50 ویزہ سیکشن افسر واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جو افسر 14 دنوں میں چارج نہیں دے گا، اس کی ملازمت ختم کر دی جائے گی ،شہری پاسپورٹ دس سال کی مدت کیلئے بنوائیں جس کی فیس کم کرکے 45 سو روپے کر دی گئی ہے۔

نادرا ایک دن میں ایک لاکھ شناختی کارڈ ایشو کرے گا،آن لائن ویزے کیلئے چار ہفتے کی مدت مقرر کر دی گئی ہے ، ایف آ ئی اے ہیڈ کوارٹر میں کئی کئی برسوں سے بیٹھے لوگوں کو فیلڈ میں نکالنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 

دریں اثناء وزیر داخلہ نے مسیحی برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کے روزے شروع ہو رہے اور ان سے درخواست ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور میرے لیے دعا بھی کریں، میں مسیحی سکول سے پڑھا ہوں ،پاکستان میں مسیحیوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے لیکن بھارت میں ایسا بالکل نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیٹف میں 7 نکات پر پھنسے ہوئے ہیں،3 مزید نکات جلد مکمل ہوجائینگے ،مسنگ پرسنز بڑا مسئلہ ہے اور جلد اس پر قانون سازی کریں گے،وزیراعظم عمران خان نے اس حوالے سے ہدایت کررکھی ہے ، 100 بایکس اور 20 گاڑیاں اسلام آباد پولیس کو دیکر اسے ماڈرن بنا رہے ہیں۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے پاکستان میں قطر کے سفیر سعود عبدالرحمن الثانی کی ملاقات ہوئی ملاقات میں پاکستان اور قطرکےدرمیان تعلقات بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کے لئے قطر ویزا میں سہولیات کے حوالے سے بات چیت قطری سفیر کی طرف سے وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد کو قطر دورے کی دعوت دی پاکستان اور قطرکے درمیان تجارت کا بہت سکوپ ہے،عملی اقدامات جلد لینے کی ضرورت ہے ،قطری سفیر نے کہا کہ پاکستان اور قطرکے درمیان تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔ 

دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان دل کا رشتہ ہے ۔ قطری سفیر نے شیخ رشید احمد کو وزیر داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پرمبارک باد بھی پیش کی۔

تازہ ترین