مکس مارشل آرٹس ہیرو احمد مجتبیٰ کوئٹہ پہنچ گئے، ائیرپورٹ پر احمد مجتبیٰ کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ کھیل کے نمائندوں اور کھلاڑیوں نے احمد مجتبیٰ کا استقبال کیا، احمد مجتبیٰ نے سنگاپور میں مکس مارشل آرٹس چیمپئین شپ مقابلے میں بھارتی حریف کو ہرایا تھا۔
کوئٹہ پہنچنے پر احمد مجتبیٰ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
احمد مجتبیٰ کا استقبال کرنے والوں میں پارلیمانی سیکریٹریز بشری رند اور دھنیش کمار، ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی اور سیکرٹری کھیل عمران گچکی سمیت دیگر حکام بھی شامل تھے۔
مکس مارشل آرٹس کھلاڑی احمد مجتبیٰ کا تعلق کوئٹہ سے ہے، ائیرپورٹ پر احمد مجتبیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ جس نے مجھے عزت دی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے مارشل آرٹس کے لیے سہولیات فراہم کرے، بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔
احمد مجتبیٰ نے کہا کہ جس دن میری بھارتی کھلاڑی سے فائٹ تھی اُس دن کشمیر ڈے تھا، مجھے اپنی جیت کےلیے لوگوں کی دعاؤں پر یقین تھا، اللہ نے مجھے کامیابی دی اور میں نے پاکستانی پرچم بلند کیا۔