سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ اگر یہاں الیکشن کمیشن میں شاہد خاقان عباسی اور راجہ پرویز اشرف نہ ہوتے تو میرے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہو جاتے۔
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنما اور سابق وزرائے اعظم پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نیر بخاری نے الیکشن کمیشن سے سینیٹ شیڈول میں توسیع کی بات کی، الیکشن کمیشن نے نیئر بخاری کی بات نہیں مانی اور توسیع کامطالبہ مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ارکان نے کہا کہ ہماری تیاری نہیں ہے، ہمیں وقت چاہیئے، جس پر الیکشن کمیشن نے انہیں وقت دے دیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں وقت دیا جا رہا ہے کہ آپ تیاری کر کے آئیں، حالانکہ ہمارے پاس مخالف امیدوار کی نااہلی کا کافی مواد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے وکیل کو ان کے کاغذاتِ نامزدگی چیلنج کرنے سے روک دیا ہے، وہ میری کابینہ میں سابق وزیر رہے ہیں۔
سابق وزیرِ اعظم گیلانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ مخالفین کے اتنے وکلاء آئے اور انہوں نے وقت مانگا تو انہیں وقت دے دیا گیا، مگر میرے تجویز تائید کنندہ کو تو وقت نہیں دیا جاتا۔
اس موقع پر سابق وزیرِ اعظم و پی پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے امیدوار بننے کے بعد ان کے پسینے چھوٹ گئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی اسمبلی کے ارکان میرٹ پر فیصلہ کریں گے، جس سے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی ہے۔