• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یقین ہے ملالہ کو دھمکی آمیز پیغام احسانﷲ احسان نے بھیجا، ضیاالدین یوسفزئی

کراچی (نیوز ڈیسک) ملالہ یوسفزئی کو ٹوئٹر پر ایک دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد ان کے والد ضیاالدین یوسفزئی نے کہا ہے کہ انھیں ’قابل اعتماد ذرائع‘ نے تصدیق کی ہے کہ احسان اللہ احسان کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اصلی تھا ‘ ادھر احسان اللہ احسان نے بی بی سی کو بھیجے گئے ایک آڈیو پیغام میں تصدیق کی ہے کہ یہ ان کا ہی اکاؤنٹ تھا جسے اب معطل کر دیا گیا ہے۔ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے زیر استعمال ٹوئٹر اکاؤنٹ سے انسانی حقوق کی سرگرم کارکن 23 برس کی ملالہ یوسفزئی کو منگل کو ایک دھمکی آمیز پیغام میں پاکستان واپس آنے کی دعوت دیتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد نے ملالہ کی ٹویٹ کے جواب میں کہا تھا کہ احسان اللہ احسان سے منسوب کیا جانے والا اکاؤنٹ جعلی ہے اور یہ کہ انھوں نے حکام اور ٹوئٹر کو اس بارے میں آگاہ کر دیا ہے۔ اس کے بعد وہ ٹوئٹر اکاؤنٹ ٹوئٹر کی جانب سے معطل کر دیا گیا تھا۔ ضیاالدین یوسفزئی نے ڈاکٹر ارسلان خالد کو ٹوئٹر پر جواب دیتے ہوئے اس دھمکی آمیز ٹویٹ کا نوٹس لینے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

تازہ ترین