پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت اگر آئین میں کسی قسم کی تبدیلی کرنا چاہتی ہے تو ایوان میں لے آئے، یہ روایت ان حکمرانوں نے ڈالی ہے کہ ممبران کی خرید و فروخت ہو، سینیٹ چیئرمین کے الیکشن میں 14 ممبران کی خرید وفروخت ہوئی۔
خورشید شاہ نے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ابھی تک پارلیمنٹ کو تسلیم ہی نہیں کیا، وہ ادھر ادھر کی ترمیم لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ سینیٹ ملک کے چاروں صوبوں کی ضمانت ہے، حکومت کو پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا چاہئے، پارلیمنٹ مضبوط ہوگی تو ریاست مضبوط ہوگی۔
ان کاکہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن آئین اور قانون کے تحت ہونے چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی گرفتاری سے متعلق بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ انہیں سندھ حکومت نے گرفتار نہیں کرایا، وہ تو چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر گرفتار ہوئے ہیں۔
خورشید شاہ کاکہنا تھا کہ الیکشن والے دن سارے انتظامات الیکشن کمیشن کے پاس ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ خورشید شاہ پر نیب کی جانب سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس مختصر سماعت کے بعد احتساب عدالت نے 8 مارچ تک مقدمہ ملتوی کر دیا، عدالت نے مقدمے میں نامزد خورشید شاہ کے بھتیجے جنید شاہ کو ضمانتی مچلکے پر ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔