• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالیہ بھٹ کی فلم پر پابندی کی درخواست مسترد

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی نئی فلم ’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘ پر پابندی کی درخواست مسترد کردی گئی۔ ممبئی کی سول کورٹ نے فلم کے خلاف درخواست گزار کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اسے ریلیز کی اجازت دے دی۔

فلم ’گنگو بائی کاٹھیا واڑی‘ بھنسالی پروڈکشن کے زیر سایہ بننے والی فلم ہے جس میں عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

سنجے لیلا بھنسالی کی یہ فلم 1960ء کی دہائی میں ممبئی کے علاقے کماٹھی پورا میں غیرقانونی پیشوں سے وابستہ خاتون گنگو بائی کی زندگی پر مبنی ہے اور اس کی کہانی ایس حسین زیدی کے تحریر کردہ ناول ’مافیا کوئنز آف ممبئی‘ سے لی گئی ہے۔

درخواست گزار بابوجی راؤجی شاہ نے خود کو گنگو بائی کا بیٹا قرار دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ناول کے کچھ حصے ان کے حق رازداری، عزت نفس اور حق آزادی کی خلاف ورزی اور ہتک عزت پر مبنی ہیں اس لیے ناول مافیا کوئنز آف ممبئی میں گنگوبائی کی زندگی سے متعلق اسباق کو حذف، ناول کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی اور اس ناول پر مبنی فلم کی ریلیز کو روکا جائے۔

رپورٹس کے مطابق دوران سماعت درخواست گزار اپنا گنگو بائی سے کسی قسم کا رشتہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ۔

واضح رہے کہ یہ فلم گزشتہ سال ستمبر میں ریلیز ہونی تھی لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگئی اور اب اسے رواں سال ریلیز کیا جائے گا۔

تازہ ترین