• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعمیرات میں ٹائلز کا استعمال بہت عام ہوگیا ہے۔ سیرامک ٹائلز مختلف مواد سے بنی ہوتی ہیں جیسے کہ پورسلین، شیشہ، سیمنٹ، ماربل، موزائیک، گرینائٹ اور لائم اسٹون وغیرہ، جو عام طور پر چھتوں، فرش، دیواروں یا دیگر چیزوں کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ پورسلین کو بہت سی مصنوعات اور مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کی کیمیائی بناوٹ میں مٹی، ، سیلیکا، کائولن (Kaolin)، فَیلڈاسپر (feldspar) اور کوارٹز (quartz) کے ساتھ دیگر مٹیریلز بھی شامل ہوتے ہیں۔ پورسلین ٹائلز قدرتی پتھر ، اینٹوں اور لکڑی کی خصوصیات کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیارکی جاتی ہیں۔

تاریخی طور پر دیکھا جائے تو ٹائلز کے لیے پورسلین کا بطور مواد استعمال اتنا عام نہیں تھا۔ سب سے پہلے چین میں اس سے ٹائلز بنائی گئیں۔ یہ مٹیریل بہت زیادہ سخت اور پائیدار ہوتا ہے، جس میں سے پانی اور ہوا کا گزر نہ صرف ناممکن ہوتاہے بلکہ یہ بآسانی صاف بھی ہوجاتا ہے۔ پورسلین سے بنی ٹائلز دیواروں اور فرش پر لگائی جاتی ہیں، جن میں پانی کو جذب کرنے کی شرح 0.5فیصد سے بھی کم ہے۔ یہ عموماً ایسی جگہوں کے لیے آئیڈیل ثابت ہوتی ہیں جہاں بہت زیادہ لوگوں کی آمدورفت رہتی ہے، مثلاً باتھ روم، کچن اور لیونگ روم وغیرہ۔

اگر آپ مکان کی تعمیر یا تعمیرِ نو کے دوران نیا فرش بنواناچاہ رہے ہیں تو ایسے میں درست مٹیریل کا انتخاب بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ٹائلز کے انتخاب اور خریداری سے قبل اپنے بجٹ پر نظر ڈالیں۔ پورسلین ٹائلز دیگر روایتی سرامک اور چپکنے والی ٹائلز کے مقابلے میں قدرے مہنگی ہوتی ہیں، لہٰذا ان کی مرکزی مٹیریل کے طور پر خریداری سے پہلے سوچ بچار کرلیں۔ ا س کے علاوہ انہیں لگانے کے لیے مختلف ٹولز اور مہارت چاہیے ہوتی ہے، جس کے لیے ماہر کاریگر کی خدمات حاصل کرنا پڑتی ہیں۔ تاہم، پورسلین ٹائلز کے معیاری ہونے کی وجہ سے قیمت اور لگانے کے اخراجات طویل مدت میں پورے ہوجاتے ہیں، اس لیے آپ ان کے انتخاب کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔

پورسلین ٹائلز کی اقسام

پورسلین ٹائلز کی چار عام اقسام ہیں۔

1- اَن گلیزڈ پورسلین ٹائلز:اس قسم میں ہر ٹائل کا الگ پیٹرن ہوتا ہے۔ انہیں لگانے کے لیے کافی محنت کرنی پڑتی ہے، مگر گھریلو اور تجارتی سطح پر ان کا استعمال بہترین ہے۔

2- گلیزڈ پورسلین ٹائلز:یہ ٹائلز گلوس ، میٹ اور نیم پالش میں دستیاب ہوتی ہیں۔ گلوس یا میٹ فنش کے ساتھ گلیز میں ٹھوس رنگ یا پیٹرن ہوسکتا ہے۔

3- ڈیجیٹلی پرنٹڈ پورسلین ٹائلز:یہ گلیزڈ پورسلین کی ایک اور قسم ہے۔ یہ ٹائلز کی تیاری کا جدید طریقہ ہے جس میں قدرتی مواد کی تصاویر کو ٹائلز پر ڈیجیٹلی پرنٹ کیا جاتا ہے تاکہ ٹائلز فطرت کا سماں پیدا کریں۔

4- کلر بوڈیڈ پورسلین ٹائلز: پورسلین ٹائلز کی اس قسم میں سطح سے بنیاد تک ٹائل کا ایک ہی رنگ اور پیٹرن ہوتا ہے۔ یہ ٹائلز زیادہ آمدورفت والی جگہوں کے لیے بہترین ہیں۔

رنگوں کی دستیابی

جب آپ فرش کے لیے پورسلین ٹائلز لگانے کا فیصلہ کرلیں تو پھر گھر کی آرائش کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سوچیں کہ اس کی کون سی کلر اسکیم بہترین ثابت ہو سکتی ہے۔ ٹائلز کی ڈائی لسٹ میں رنگ مختلف لگتا ہے اور اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ ٹائلز خریدنے کے بعد جب انہیں ڈبّے سے نکالا جاتا ہے تو وہ ایک سی نظر نہیں آتیں۔ لہٰذا پورسلین ٹائلز کے رنگ کا انتخاب کرتے وقت اچھی طرح اطمینان کرلیں کہ وہ ایک جیسا ہی ہو۔ 

جہاں لوگوں کی زیادہ آمدورفت کی وجہ سے فرش گندا ہونے کا خدشہ ہو وہاں کے لیے پروسلین ٹائلز پیٹرن منتخب کریں۔ جن جگہوں پر جوتوں وغیرہ کے زیادہ نشانات پڑتے ہیں وہاںووڈ پورسلین ٹائلز کے ساتھ سفید ٹائلز مناسب رہتی ہیں۔ ہلکے رنگ کی پورسلین ٹائلز پرکیچڑ اور دھول مٹی کے داغ نظر آتے ہیں لیکن یہ بآسانی صاف بھی ہو جاتے ہیں۔

ڈیزائن اور پیٹرن

پورسلین ٹائلز میں ڈیزائن ، اسٹائل، سائز اور رنگوں کی بے شمار چوائسز دستیاب ہوتی ہیں۔ بہت زیادہ آپشنز کی وجہ سے آپ کو اسے کئی تخلیقی طریقوں سے استعمال کرنے کی آزادی ملتی ہے۔ یہ مربع، مستطیل، تکونی اور سیمٹریکل پیٹرنز میں دستیاب ہوتی ہیں۔ آپ فرش اور دیواروں پر اپنی مرضی اورجگہ کے مطابق پورسلین ٹائلز لگا سکتے ہیں۔ 

پورسلین ٹائلز کے پیٹرن کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے آپ انٹرنیٹ پر اس بارے میں کھوجیں۔ ہو سکتاہے کہ آپ کو اپنی پسند کے حساب سے چند ایک پیٹرن، اسٹائل یا تھیم کا امتزاج بنانا پڑے۔ اگر آپ کے ذہن میں کوئی مخصوص تھیم ہے توانٹرنیٹ پر اس کی ویڈیو یا ٹیوٹوریل دیکھیں۔ اس کے علاوہ آپ کو پورسلین ٹائلز کی موٹائی بھی دیکھنا ہوگی، آیا اس میں اتنی برداشت ہے کہ لوگوں کی مسلسل آمدورفت کا بوجھ برداشت کرسکے؟

جگہ کی تیاری

سب سے پہلے اندازہ لگائیں کہ آپ کو فرش کے لیے کتنے پورسلین ٹائلز درکا ر ہوں گی۔ اس کے بعد جس جگہ ٹائلز لگانی ہیں اس کو اچھی طرح تیار کرلیں۔ کمرے سے فرش پر رکھا تمام سامان ہٹانے کے ساتھ ساتھ دیوار پر لٹکی آرائشی اشیا بھی اتار لیں۔ اگر آپ باتھ روم میں پورسلین ٹائلز لگوا ر ہے ہیں تو اس سے متصل دیواروں سے بھی سامان ہٹا دیں کیونکہ ان کو لگانے میں کچھ نقصان دہ گیسوں کا اخراج بھی ہوسکتا ہے۔ بہتر تو یہ ہے کہ کھڑکیاں، دروازے اور ایگزاہسٹ فین کھول کر رکھیں تاکہ وینٹی لیشن کا انتظام اچھا ہوسکے۔ اس طرح ان ٹائلز کی تنصیب کے دوران اُڑنے والی دھول وغیرہ سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین