• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکینڈے نیویائی ڈپلیکس فلور پلانز میں کیا ہے خاص؟

اسکینڈےنیویا، شمالی یورپ کے اس خطے کو کہا جاتا ہے جو ڈنمارک، ناروے اور سویڈن پر مشتمل ہے۔ دیگر خصوصیات کے علاوہ، اس خطے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ سردیوں میں یہاں راتوں کا دورانیہ 20گھنٹے کا ہوتا ہے اور دھوپ صرف 4گھنٹے رہتی ہے۔ رات کی طویل تاریکی کا مقابلہ کرنے اور روشنی کو زیادہ محسوس کرنے کے لیے اسکینڈے نیویائی طرزِ تعمیر میں بھی اس پہلو کو مدِنظر رکھا جاتا ہے۔

اسکینڈے نیویائی طرزِ تعمیر کو اپنی سادگی اور نفاست کے باعث دُنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں زیادہ چیزوں کا استعمال نہیں کیا جاتا۔ اگر رنگ کی بات کریں تو اس میں سفید رنگ کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے اور اس کے ساتھ کسی مضبوط کنٹراسٹ کو اختیار کیا جاتا ہے۔ تاہم، زیادہ رنگوں، ٹیکسچر اور پیٹرن سے اجتناب برتا جاتا ہے۔ اس کے باوجود، اس کا اسٹائل کچھ ایسا رکھا جاتا ہے کہ اس سے جدیدیت، نفاست، خوبصورتی اور اعلیٰ ذوق جھلکتا ہے۔

سفید رنگ کا استعمال

اسکینڈے نیویائی اپارٹمنٹ کا نام آتے ہی ذہن میں سفید رنگ کا خاکہ اُبھرآتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں اپارٹمنٹس کو پینٹ کرنے کے لیے ہمیشہ سفید رنگ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اب آپ پوچھیں گے کہ اس کی وجہ کیا ہے؟ یہ صاف و شفاف، کلاسک اور خوبصورت لگتا ہے۔ جی بالکل، لیکن اس کی اصل حقیقت کچھ اور ہے۔ اسکینڈے نیویائی خطے کے لوگوں کو دن کی روشنی کے مقابلے میں رات کا اندھیرا زیادہ دیکھنا پڑتا ہے، اس لیے اندھیرے کے احساس کو کم کرنے کے لیے وہ سفید رنگ کا استعمال زیادہ کرتے ہیں۔

آج ہم آپ کے لیے اسکینڈے نیویائی طرزِ تعمیر کے کچھ ڈپلیکس فلورپلان پیش کررہے ہیں۔

اسٹوڈنٹ اپارٹمنٹ

ڈپلیکس فلور پلان لوگوں کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا جاتا ہے۔ اس کو ڈیزائن کرنے میں کوشش کی جاتی ہے کہ طرزِ تعمیر کی طرح اس میں ڈیکوریشن کا بھی کم سے کم استعمال کیا جائے، تاہم یہ خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہوتے ہیں۔ ان میں ایک شاندار طرز کا بیسمنٹ بھی بنایا جاتا ہے جس کی سیڑھیاں اپارٹمنٹ کے اندر گراؤنڈ فلور سے نیچے کی طرف جاتی ہیں۔

دیوان خانہ

اسکینڈے نیویائی طرزِ تعمیر میں ہمیشہ ’کم ہی زیادہ ہے‘ کی سوچ کو اختیار کیا جاتا ہے اور گہری یا کثیررنگی سجاوٹ سے اجتناب برتا جاتا ہے۔ فرنیچر کے لیے بھی ہلکے رنگوں کو ہی ترجیح دی جاتی ہے۔ سویڈش دیوان خانوں کی تعمیر میں ہوا کی گزرگاہ کا بہت زیادہ خیال رکھا جاتا ہے اور دیوار سے لے کر ٹائلز اور لکڑی کے کام میں نیوٹرل رنگوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔لکڑی کے لیے گہرے کے بجائے ہلکے بھورے رنگ کا انتخاب کیا جاتا ہے، جبکہ شیشے کو بھی اس کے اپنے اصل شفاف رنگ میں استعمال کیا جاتا ہے۔

کھانا کھانے کا کمرہ

جیسا کہ پہلے بھی ذکر کیا گیا ہے، اسکینڈے نیویائی تعمیرات میں لکڑی کے لیے بھی ہلکے بھورے رنگ کا انتخاب کیا جاتا ہے اور یہی انداز ڈائننگ روم کے لیے بھی اختیار کیا جاتا ہے۔ اسکینڈے نیویائی ڈائننگ روم میں ڈائننگ ٹیبل اور لکڑی کی کرسیوں کے لیے پھیکے رنگ استعمال ہوتے ہیں۔ ایک پُروقار سجاوٹ کے لیے جدید فرنیچر، لکڑی کی اشیا، شاندار لائٹنگ اور سفید اور پھیکے رنگوں کے امتزاج کا خوبصورت استعمال کیا جاتا ہے۔ دیوار پر آرائشی اشیا سجانے کے لیے بھی ہلکے بھورے اور ہلکے سرمئی رنگوں کو استعمال میں لایا جاتا ہے۔

سونے کا کمرہ

اسکینڈے نیویائی اندازِ تعمیرات کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ یہ رنگوں کے اَچھوتے استعمال اور تعمیرات میں سادگی کو اپنانے کے باعث سدابہار خوبصورتی رکھتا ہے۔ ڈپلیکس فلور پلان کے تحت بنائے گئے بیڈ رومز میں سفید رنگ کے ساتھ ٹکڑوں میں گہرے رنگوں جیسے گہرے عنابی(Maroon) اور گہرے بھورے رنگ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ان بیڈ رومز میں دیگر فیچرز جو آپ کو نظر آسکتے ہیں وہ لکڑی کی بیمیں، سفید فرش، تصوراتی پینٹنگ، سویڈش صوفے وغیرہ ہوتے ہیں۔

باتھ روم

اسکینڈے نیویائی طرز کے بنائے گئے باتھ روم میں دیواروں کے رنگ، سجاوٹ کی اشیا، اسٹوریج ، فلورنگ اور دیگر چیزوں کو ہلکے اور پھیکے رنگ دیے جاتے ہیں تاکہ باتھ روم کے کشادہ ہونے کا احساس پیدا ہو۔

باورچی خانہ

اوپن فلور پلان والے باورچی خانہ میں آپ بغیر کسی رکاوٹ کے کچن اور ڈائننگ ایریا کو دیکھ سکتے ہیں، جنھیں اس طرح سے ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ جُڑے ہوئے محسوس ہوں۔ اس میں عموماً لکڑی کا فرش اور سفید دیواریں بنائی جاتی ہیں جو اس حصے میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی چیزیں ہیں۔ ایک ڈپلیکس فلور پلان میں کچن وہ واحد جگہ ہوتی ہے، جہاں سفید دیواروں اور لکڑی کے فرش کا کنٹراسٹ قائم کیا جاسکتا ہے۔ 

یہ دونوں عناصر مل کر ایک نفیس، قدرتی، خوبصورت رنگ اور ترتیب کا احساس پیدا کرتے ہیں۔ سفید دیواریں اور چھت ماحول میں ٹھنڈک کا احساس پیدا کرنے کا کام کرتی ہیں تو لکڑی کا فرش گرمجوشی پیدا کرتا ہے۔ اس طرح یہ دونوں مل کر کچن اور ڈائننگ ایریا کے ماحول میں توازن پیدا کرتے ہیں۔

تازہ ترین