پاکستانی صوبے بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر سحر انگیز کرکٹ اسٹیڈیم میں کیھلا جانے والا پہلا میچ فخرِ پاکستان علی سدپارہ کے نام کردیا گیا ہے۔
گوادر کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے سیلیبریٹی میچ کا انعقاد آج کیا گیا ہے، میچ میں شوبز شارکس اورگوادر ڈولفن کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ نمائشی میچ کا نام ’سوپر ہے پاکستان کپ‘ رکھا گیا ہے۔
میچ کے آغاز سے قبل کے ٹو کی سرما مہم جوئی کے دوران ہلاک ہونے والے علی سدپارہ کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
میچ میں شوبز شارکس کی قیادت پی سی بی کے سی ای او وسیم خان کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں فخر عالم، فیصل قریشی، اعجاز اسلم، فیضان شیخ اور دیگر شامل ہیں ۔
گوادر ڈولفن کی ٹیم میں زلفی بخاری، علی زیدی سمیت مختلف شخصیات شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گوادر کرکٹ اسٹیڈیم کی تصاویر وقتا فوقتا سامنے آ کر اپنی خوبصورتی کی وجہ سے شائقین کرکٹ کے ساتھ قدرتی حسن کے دلدادہ افراد سے بھی خراج تحسین پاتی رہی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گوادر کرکٹ اسٹیڈیم کی تصاویر شیئر کیں تو دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے دکھائی دینے والے مناظر کو خوب سراہا۔
زلفی بخاری نے گوادر اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا پہلا سیلیبریٹی میچ پہاڑوں کو مسخر کرنے والے محمد علی سدپارہ کے نام کیا ہے۔