عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار و گلوکار علی ظفر نے کے ٹو کی سرما مہم کے دوران لاپتہ ہونے والے پاکستانی کوہ پیما محمد علی سد پارہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مشہور گانا اپنے ورژن میں جاری کردیا۔
گلوکار علی ظفر نے آڈیو گانے ’تم چلے آؤ پہاڑوں کی قسم‘ کی ویڈیو میں علی سدپارہ کی نایاب ویڈیوز کو حصہ بنایا اور کہا کہ یہ گانا علی سدپارہ کے نام ہے۔
اس حوالے سے گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ کوئی بھی قوم اپنے ہیروز کو عزت دیئے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ علی سد پارہ ایک غیر معمولی ہیرو تھے۔ علی سد پارہ نے اپنی زندگی کا خطرہ مول لے کر پاکستان کے لیے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ میں کم سے کم اس ہیرو کے لیے ایک گانا گا سکتا تھا، تاکہ جب تک موسیقی رہے علی سد پارہ ہماری یادوں سے جڑے رہیں۔
علی ظفر کے مداح اسے زبردست خراج تحسین کہہ رہے ہیں، اور گلوکار کو سراہ رہے ہیں۔
گانے کی ویڈیو کو اب تک ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس گانے پر بے شمار تبصرے کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے ٹو کو سرما میںں سر کرنے کی مہم پر جانے والے پاکستانی کوہ پیما محمد علی سد پارہ اور دیگر دو کوہ پیماؤں کو لاپتہ ہوئے 10 دن سے زائد ہوگئے ہیں۔