• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی سدپارہ کی بیس کیمپ میں ڈانس ویڈیو زیرگردش

کے ٹو میں لاپتہ عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی بیس کیمپ میں ڈانس کی ویڈیو زیر گردش ہے۔

بڑی تعداد میں زیرگردش ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد علی سدپارہ پہاڑوں سے محبت رکھنے والوں کے لیے مشہور گیت ’تم چلے آؤ پہاڑوں کی قسم‘ پر رقص کررہے ہیں۔

محمد علی سدپارہ کے رقص سے ساتھی کوہِ پیما بھی خوب محظوظ ہو رہے ہیں اور رقص میں اُن کا ساتھ بھی دے رہے ہیں۔

اسپورٹس جرنلسٹ شعیب جٹ نے کے ٹو بیس کیمپ پر رقص کی ایک ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ علی سدپارہ کا یہ آخری ڈانس ہے جو انہوں نے کے ٹو بیس کیمپ پر ساتھی کوہِ پیماؤں کے ساتھ کیا۔

ساتھ ہی ایک اور ویڈیو بھی زیرگردش ہے جس میں محمد علی سدپارہ رقص کر رہے ہیں اور ساتھی کوہِ پیما بھی انجوائے کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ محمد علی سدپارہ اور ان کی ٹیم کی کے ٹو پر تلاش کے لیے سرچ آپریشن آج تیسرے روز بھی جاری ہے، دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑ کے ٹو پر ہلکے بادلوں کے باعث حد نگاہ کم ہے۔

لاپتہ پاکستانی کوہِ پیما علی سدپارہ کے صاحبزادے ساجد سدپارہ کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے واپسی پر علی سدپارہ کیساتھ کوئی حادثہ ہوا ہے۔

ساجد سدپارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے محمد علی سدپارہ سے آخری ملاقات بوٹلنیک پہ کی تھی اور وہیں سے انہیں اوپر کی جانب جاتے ہوئے بھی دیکھا تھا۔ وہ پر امید تھے کہ ان کے والد نے کے ٹو کی چوٹی سر کرلی ہوگی۔

علی سدپارہ کے صاحبزادے ساجد سدپارہ نے پروگرام’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 3 دن پہلے دوپہر12 بجے کے قریب والد سے رابطہ ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب ایسا لگتا ہے کہ والد کے بچنے کے چانسز کم ہیں، آخری بار والد کو 8200 کی بلندی پر دیکھا تھا، دوپہر12بجے کے قریب میں نیچے آیا تھا۔

ساجد سدپارہ نے بتایا کہ جب میں نیچے آیا تب علی سدپارہ اور ٹیم اوپر چڑھ رہے تھے، جہاں تک مجھے لگتا ہے والد نے کے ٹو سر کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آکسیجن سلینڈر کا استعمال پریشر کے مطابق ہوتا ہے، اگر2 آکسیجن سلینڈر موجود ہوں تو کم از کم2دن گزار سکتے ہیں، تمام چیزیں مد نظر رکھتے ہوئے لگتا ہے والد کے بچنے کے چانسز کم ہیں۔

تازہ ترین