• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر کی بیرونی دیوار کو کیسے خوبصورت دکھایا جائے!

یہ بات درست ہے کہ کسی بھی چیز کا پہلا تاثر انسان پر اپنا اثر چھوڑ جاتا ہے۔ گھر کے حوالے سے بات کی جائے تو اس کا بیرونی حصہ مکینوں کے ذوق اور سلیقے کا پتہ دیتا ہے۔ گھر کے بیرونی حصے میں بھی سجاوٹ کا بھرپور اہتمام کرنا چاہیے کیونکہ یہ بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنا کہ اندرونی حصے کی آرائش و سجاوٹ۔ بیرونی حصے میں سجاوٹی نقطہ نظر سے دیواریں بھی کافی اہم ہوتی ہیں، اگر ان کو سلیقے سے سجایا جائے تو سادہ سا گھر بھی خوبصورت دکھنے لگتا ہے ۔ 

ان دیواروں کی سجاوٹ کے حوالے سے ذہن میں کافی سوالات اور خیالات جنم لیتے ہیں جیسے کہ دیواروں پر کونسا رنگ و روغن کروایا جائے جو بارش اور دھوپ میں خراب نہ ہو اور سجاوٹ کے لحاظ سے بھی خوب جچے، کون سے پودے ان دیواروں کے ساتھ لگائے جائیں یا گملے استعمال کیے جائیں؟ یا سب سے اہم یہ کہ سجاوٹ کے آئیڈیاز کہاں سے حاصل کیے جائیں۔ چونکہ گھر کی بیرونی دیواروں کی سجاوٹ اندرونی حصے کی دیواروں کی سجاوٹ سے زیادہ محتاط ہو کر کرنی پڑتی ہے اس لیے عام طور پر لوگ اس حوالے سے پریشان نظر آتے ہیں۔ آج کے مضمون میں ہم اسی حوالے سے بات کریں گے تاکہ آپ کو کچھ حد تک رہنمائی حاصل ہوسکے۔

پتھر کی دیوار

گزشتہ ادوار میں گھر کی بیرونی دیواروں کو سادہ بنایا جاتا تھا مگر دورِ جدید میں ان کی ڈیزائننگ پر بھی کافی توجہ دی جاتی ہے۔ پتھرکی دیواروں کا رواج سب سے پہلے پرتگال میں دیکھا گیا لیکن جدید دور میں اس انداز کو بطورسجاوٹ کافی اپنایا جانے لگا ہے۔ لکڑی کی طرح پتھر بھی قدرتی لُک فراہم کرتے ہیں اور یہ مضبوط ترین مواد ہے۔ اگر سادہ دیوار تعمیر کرواکے اس کے ساتھ پتھر کی ایک دیوار بنوالی جائے تو اس سے گھر کے بیرونی حصے کا انداز یکسر تبدیل ہوجائے گا۔

ٹائلز کا استعمال

گھر کے کچھ حصوں میں ٹائلز کا استعمال لازمی سمجھا جاتا ہے۔ ٹائلز اگر سادہ ہوں تو بھی ان کا استعمال گھر کو نمایاں کردیتا ہے۔ اگر آپ بیرونی دیوار کے لیے پتھر کے انتخاب میں دلچسپی نہیں رکھتے تو پھر گہرے رنگوں کی ٹائلز کا انتخاب کیجیے۔ ٹائلز کے لیے رنگوں کو منتخب کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ آپس میں ہم آہنگ ہوں۔ اس کے علاوہ ریتیلے پتھر سے بنی ٹائلز بھی دیواروں کی تعمیر میں کار آمد ثابت ہوسکتی ہیں۔

دیواروں کا رنگ

بیرونی دیواروں کا رنگ و روغن بھی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، جس کی وجہ سے سجاوٹ بھی نکھر کر سامنے آجاتی ہے۔ بیرونی حصہ ڈیزائن کرتے وقت رنگوں کے ملاپ پر لازمی توجہ دیں۔ گہرے اور ہلکے رنگ کو ملا کر جدید وضع حاصل کی جاسکتی ہے۔ تاہم ، پُرانا بنا ہوا مکان خریدنے کی صورت میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ خریدار کو سابقہ مالک مکان کی جانب سے گھر کی بیرونی دیواروں پر کرایا گیا پینٹ پسند نہیں آتا یا بیرونی حصے میں کی گئی تزئین و آرائش مزاج سے مناسبت نہیں رکھتیں۔ 

دیواروں پر نئے سرے سے رنگ و روغن کروانا بعض اوقات بجٹ سے باہر ہوجاتا ہے اور اس کام کے لیے مزدور کی خدمات بھی حاصل کرنا پڑتی ہیں۔ اس کا ایک متبادل حل یہ ہےکہ آپ اسی کے اُوپر کچھ بہترین آرٹ ورک پینٹ کردیں یا پھر کوئی خوبصورت سا وال پیپر لگا دیں۔

جدید لائٹنگ

دیوار پر لگی مدہم لائٹس مکان کے بیرونی حصے کو بہترین انداز فراہم کرتی ہیں۔ جدید طرز کی لائٹس دیواروں کو روشن بنانے کے ساتھ ان کی خوبصورتی بھی بڑھاتی ہیں۔ کلاسیکی آؤٹ ڈور لائٹنگ ایسے حصوں کو دلکشی فراہم کرسکتی ہے جو دیکھنے میں خوشگوار نہیں لگتے۔

گھر کی تعمیر یا تزئین نو کے دوران بیرونی دیوار کے لیے لائٹس کا انتخاب نہایت اہم ہوتا ہے۔ آپ کو یہ بات یقینی بنانا چاہیے کہ لائٹس جمالیاتی طور پر بھی اپیل کریں۔

پھول پودوں سے سجاوٹ

بیرونی دیوار وں میں سے کسی ایک دیوار یا مرکزی دیوار کو مکمل طور پر پھول پودوں کے لیے مختص کیا جاسکتا ہے ۔ اس مقصد کے لیے بیرونی دیوار پر یا اس کے ساتھ پھول پودے لگائے جاسکتے ہیں، جس سے یہ نہ صرف خوبصورت لگے گی بلکہ اسے ایک مختلف سجاوٹی انداز ملے گا۔ اس سلسلے میں بوگن ویلا کی بیل بہتر ثابت ہوسکتی ہے۔ ایک طرف پرندے اس میں اپنا ٹھکانہ بناتے ہیں، تو دوسری جانب گھر کی ر ونق میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ اس کی تہہ در تہہ شاخوں میں سبز پتے اور گلابی پھول گھرکے بیرونی حصے کو بارونق بناسکتے ہیں۔ 

اس کے علاوہ، بیرونی دیوار کو جدید انداز دینے کے لیے من پسند پودوں کو فریم میں لگا کر بیرونی دیوار پر نصب بھی کیا جاسکتا ہے یا پھر پھول پودوں سے سجاوٹ کے لیے آرائشی ٹوکری بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ آپ ٹوکری میں پھول پودے رکھ کر بیرونی دیوار کے ساتھ لٹکا بھی سکتے ہیں۔ پودوں کے لیے چھوٹے سائز کے آرائشی گملے بیرونی دیوارکی سجاوٹ کا حصہ بنائے جاسکتے ہیں۔ 

ان گملوں کو لگانے کے لیے بازار میں مختلف قسم کے اسٹینڈ دستیاب ہیں، جن میں سے کچھ کو دیوار پر بھی فکس کیا جاسکتا ہے یا کچھ کو دیوار کے ساتھ لٹکایا جاسکتا ہے۔ ہرے بھرے پودے گھر کی بیرونی دیوار کو خوشنما بنادیں گے۔

تازہ ترین