اسلام آباد(نمائندہ جنگ) معروف امریکی جریدے نے دنیا کی 100 بااثر ترین شخصیات ، پرسن آف دی ایئر، کڈ آف دی ایئر کے بعد دوسری مرتبہ 100بہترین شخصیات کی ’’نیکسٹ لسٹ‘‘ شائع کی ہے جس میں دو پاکستانی نژاد امریکی شہریوں سلمان طور اور لینیٰ خان کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹائم میگزین نے ’100نیکسٹ لسٹ‘ کا آغاز 2020 میں کیا تھا اور اس سال میگزین نے اس سلسلے کی دوسری فہرست جاری کی ہے۔ ’100 نیکسٹ لسٹ‘ میں مجموعی طور پر 5 کیٹیگریز میں دنیا کی 100 بہترین شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ میگزین نے ’آرٹسٹس، فینومس، لیڈرز، ایڈوکیٹس اور انوویٹرز‘ کی فہرست میں دنیا کے تمام خطوں کے 100 بہترین افراد کو شامل کیا ہے۔ فہرست میں شامل سلمان طور کا تعلق لاہور سے ہے، تاہم وہ امریکا میں مقیم ہیں اور وہ وہاں پر اپنے آرٹ کی نمائش بھی کر چکے ہیں۔ سلمان طور پاکستان میں بھی اپنے فن اور آرٹ کی نمائش کر چکے ہیں،پاکستانی نژاد خاتون لینیٰ خان برطانیہ میں پیدا ہوئیں، تاہم ان کے آباؤ و اجداد اور والدین کا تعلق پاکستان سے ہے وہ بھی اس وقت امریکا میں مقیم ہیں اور وہ متعدد کتابوں کی لکھاری اور قانونی ماہر ہیں۔