سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختون خوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں باڑہ اور بنوں کے علاقوں میں کیں۔
باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 10 خوارج ہلاک ہوئے۔
ضلع بنوں میں آپریشن کے دوران 3 خوارج جہنم واصل ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ علاقے میں خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختون خوا میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم غیرمتزلزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری رکھے جائیں۔
وزیر ِاعظم شہباز شریف نے خیبر پختون خوا میں 13 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے بنوں اور باڑہ میں دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔
دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خوارج کا انجام عبرتناک موت ہے، دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔