چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا شاہ نے بتایا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے او پی ایف رکنیت لازمی بنانے کی بڑی تجویز وزیرِ اعظم کو پیش کر دی ہے۔
جاپان میں اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ کے اعزاز میں معروف کاروباری شخصیت چوہدری آصف محمود اور شہریار ساندو کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکڑوں پاکستانیوں نے شرکت کی۔
سید قمر رضا شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیرِ اعظم پاکستان کو ایک اہم تجویز پیش کی ہے کہ دنیا بھر میں مقیم تمام اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کی رکنیت لازمی قرار دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دنیا بھر میں موجود ڈیڑھ کروڑ پاکستانی او پی ایف کے ممبر بن جائیں تو ان کی زندگیوں میں نمایاں اور مثبت انقلاب آ سکتا ہے۔
سید قمر رضا شاہ نے واضح کیا کہ او پی ایف ایک ایسا اہم قومی ادارہ ہے جو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو متعدد سہولتیں فراہم کرتا ہے، ان سہولتوں میں بچوں کے لیے معیاری اسکول، کالج و یونیورسٹیاں، 10 لاکھ روپے تک انشورنس اور دنیا میں کہیں بھی کسی پاکستانی کے انتقال کی صورت میں قانونی و انتظامی معاونت شامل ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مستقبل میں پاکستان میں الگ کالونیز اور جدید رہائشی سوسائٹیز بھی قائم کی جائیں گی، تاکہ وہ اپنے وطن میں محفوظ سرمایہ کاری اور باوقار رہائش کے مواقع حاصل کر سکیں۔