• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آئی کے سابق اہلکاروں کا ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف مقدمہ، انتقامی برطرفیوں کا الزام

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکا میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے 3 سابق اہلکاروں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے خلاف کلاس ایکشن مقدمہ دائر کر دیا جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ اِنہیں سیاسی انتقام کے تحت ملازمت سے نکالا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ دائر کرنے والوں میں مشیل بال، جیمی گارمن اور بلیئر ٹولمین شامل ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 2020ء کے صدارتی انتخابات میں شکست کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اقتدار برقرار رکھنے کی کوششوں کی تحقیقات میں حصہ لینے کی وجہ سے اِنہیں برطرف کیا گیا۔

سابق اہلکاروں کے مطابق ایف بی آئی کے کیریئر ایجنٹس غیر سیاسی ہوتے ہیں اور ان سے کسی سیاسی شخصیت یا جماعت سے وفاداری کا مطالبہ نہیں کیا جا سکتا۔

اُنہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی برطرفی بغیر مناسب قانونی عمل کے کی گئی اور انہیں سیاسی جانبداری کا جھوٹا الزام لگا کر نشانہ بنایا گیا۔

48 صفحات پر مشتمل درخواست میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر اور نومبر میں انہیں اچانک برطرفی کے خطوط موصول ہوئے جن پر ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل کے دستخط تھے، خطوط میں اہلکاروں پر اپنے اختیارات کو ’ہتھیار بنانے‘ کا الزام عائد کیا گیا۔

واضح رہے کہ یہ تینوں اہلکار اسپیشل کونسل جیک اسمتھ کی سربراہی میں ہونے والی تحقیقات میں معاونت کر رہے تھے جس کے نتیجے میں 2023ء میں ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابات کا نتیجہ بدلنے کی مبینہ کوششوں کے الزامات میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔

بعد ازاں ٹرمپ کے 2024ء میں دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد محکمۂ انصاف کی پالیسی کے تحت یہ مقدمات واپس لے لیے گئے تھے۔

مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے ان افراد کے خلاف کارروائیاں کیں جو ماضی کی تحقیقات یا پالیسیوں سے وابستہ تھے۔

درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ ان کی برطرفی نے ناصرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر جانبداری پر بھی سوالات کھڑے کیے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دسمبر میں بھی ایف بی آئی کے 12 سابق ملازمین نے ادارے کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ انہیں 2020ء میں ’بلیک لائیوز میٹرز‘ احتجاج کے دوران گھٹنے ٹیکنے پر ملازمت سے نکالا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید