• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف ووٹ نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا عملہ بھی چوری ہوگیا، مریم اورنگزیب


پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار صرف ووٹ نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا عملہ بھی چوری ہوگیا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دھند کو وجہ بنا کر این اے 75 کے حتمی نتیجہ میں دانستہ تاخیر قابل مذمت اور شرمناک ہے، تمام دن حکومتی فائرنگ اورغنڈہ گردی سے پولنگ عمل کو روکنے کی کوشش جاری رہی۔

انہوں نے کہا کہ سارا دن پولنگ اسٹیشنز پر حکومتی بدمعاشی کے مناظر عوام نے دیکھے، سارا دن ناکامی کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ پولنگ اسٹیشنز کا عملہ لاپتہ کردیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پولنگ ایجنٹس پولنگ بیگ سمیت لاپتہ ہوگئے، الیکشن کمیشن کا اپنا پولنگ کا عملہ الیکشن کمیشن کی پہنچ سے دور ہے، مسلم لیگ (ن) کی جیت کو ہار میں تبدیل کرنے کے لیے پورے کے پورے الیکشن کمیشن پر ڈاکا ڈالا گیا۔

اُن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن بے بس، ریٹرننگ افسران یرغمال، کیا شفاف الیکشن ہے؟ واہ، عمران صاحب نے بری طرح ہارنے پر الیکشن کمیشن کا عملہ چوری کروایا ہے۔

مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ اب یہ جیت اللہ تعالیٰ کے بعد کوئی تبدیل نہیں کر سکتا، الیکشن کمیشن کا عملہ چوری کروانا اِس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) جیت چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی قسم کی گھٹیا حرکت کی جائے گی تو نتائج کے ذمہ دار عمران صاحب ہوں گے، الیکشن کمیشن کے عملے کی چوری کی ایف آئی آر عمران خان اور بزدار صاحب پر کٹنی چاہیے، پوری کی پوری ریاست عوام کے ووٹ چوری میں ملوث ہو تو عوام پہ عذاب ہی آتا ہے؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی اور ووٹ چوروں نے الیکشن کمیشن کے عملے کو بھی چوری کر لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاست ووٹ چوری میں مصروف ہے، یہ قومی بدقسمتی ہے، جو بھی کر لیں فتح مسلم لیگ (ن) کی ہی ہوگی، انشاء اللہ۔ 

تازہ ترین