اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایران کیساتھ ملکی تجارت کو فروغ دیا جائیگا اور آمدورفت کو مزید آسان بنائیں گے،داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئےکار لائے جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو تفتان کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئےکیا۔
وزیر داخلہ نے پاک ایران سرحد پر باڑ کی تنصیب، تفتان میں تجارت کے فروغ اور آمدورفت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجر جنرل آئمان بلال صفدر وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔وزیر داخلہ تربت سے بذریعہ ہیلی کاپٹر تفتان پہنچے.
پاکستان ،ایران بارڈر پر باڑ کا جائزہ لیا، انہوں نے زائرین کیلئے قائم کیمپ کا معائنہ بھی کیا،وزیر داخلہ کو زائرین کی پاکستان اور ایران کے درمیان آمدورفت سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو زائرین کے لئے سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی سرحد پر باڑ لگانے کا کام 40 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔
928 کلومیٹر بارڈر پر باڑ کا کام اسی سال دسمبر تک مکمل ہوجائیگا، پاکستان کی ایران اور افغانستان کیساتھ سرحد پر مینجمنٹ کو جدید ترین بنا رہے ہیں،ملکی تجارت کے فروغ اور لوگوں کی آمدورفت کو مزید آسان بنائیں گے۔