کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے تابناک مستقبل کیلئے ناجائز، نااہل اور نالائق حکومت کو پویلین بھیجنا ناگزیر ہے، عمران خان 18ویں ترمیم ختم کرکے صوبوں کو کالونیاں بنانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر علی مدد جتک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی پی بلوچستان کے صدر نے پارٹی چیئرمین کو بلوچستان کی سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ کیلئے جاری تیاریوں پر بریفنگ دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم ختم کرنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے طوفان خیز بحران کو پیپلز پارٹی بھی کنٹرول نہیں کرسکے گی۔دریں اثنا پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹر ڈائریکٹر ڈاکٹرندیم قمر نے بھی ہفتہ کو بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی ۔