• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھرپارکر: پولنگ اسٹیشن میں آگ لگ گئی، بیلٹ باکس جل گئے


قومی اسمبلی کے حلقے این اے 221 تھر پارکر ون میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، تاہم کیسرار سموں کے علاقے میں واقع گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں آگ لگ گئی۔

ڈی آر او محمد شاہد کے مطابق پولنگ اسٹیشن نمبر 126 میں آگ لگنے کے سبب کچھ دیر کے لیے پولنگ متاثر ہوئی تھی، تاہم پولنگ کا عمل دوبارہ شروع ہو چکا ہے اور ووٹر ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔

ایس ایس پی تھر پارکر حسن سردار کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے بیلٹ باکسز جل گئے، تاہم بیلٹ پیپر محفوظ رہے۔

انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے واقعے سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے، آگ سے پولیس اہلکاروں کی کچھ وردیاں بھی جل گئیں

ایس ایس پی تھر پارکر حسن سردار نے یہ بھی بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ اتفاقیہ لگی، تاہم واقعے کی انکوائری جاری ہے۔

پی ٹی آئی امیدوار نظام الدین راہموں نے آگ لگانے کا الزام پولیس پرعائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ایجنٹ گرفتار کیے گئے اور ووٹروں کو بھگایا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن پاکستان اور وزیرِ اعظم عمران خان نوٹس لیں۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 221 تھر پارکر ون میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گی۔


ضلع تھرپارکر کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 221 پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ اور پی ٹی آئی کے نظام الدین راہموں سمیت 12 امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں ۔

تازہ ترین