پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا ہے آج یا کل میں سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن ہوجائے گا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب سے متعلق سوال کا جواب دیتے کہا کہ آج یا کل میں اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن ہوجائے گا، بانی پی ٹی آئی نے دونوں رہنماؤں کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کیا، دونوں کا ہو جائے تو بہتر ہے۔
صحافی نے سوال پوچھا کہ جے یو آئی کہہ رہی ہے اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن نواز شریف کے کہنے پر ہوا؟
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن اسپیکر کی صوابدید ہے جو انہوں نے کردیا، ہماری کوشش تھی اپوزیشن لیڈر کا نوٹیفکیشن ہو جس نے بھی کروایا بہتر ہوا۔ میرے خیال میں نوٹیفکیشن اسپیکر قومی اسمبلی نے کیا، ہم ان کے مشکور ہیں۔
پی ٹی آئی ممبران جوڈیشل کمیشن کے گزشتہ اجلاسوں میں شریک کیوں نہیں ہوئے؟ سے متلعق سوال پر انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن کی حیثیت تبدیل ہوئی، 26ویں آئینی ترمیم پر تحفظات کی وجہ سے جوڈیشل کمیشن اجلاس میں پہلے بھی شامل نہیں ہونا چاہتے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چاہتے تھے جو بھی ججز آجائیں ہم اس طریقہ کار کا حصہ رہیں اور اپنا مؤقف پیش کرسکیں۔ 27ویں آئینی ترمیم اور نئی عدالت بنی، تب سے اب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگی تو ان سے گفت شنید کرکے آگے بڑھیں گے، جس طرح باقی کمیٹیوں کا بائیکاٹ کیا اسی طرح جوڈیشل کمیشن اجلاس میں بھی نہیں گئے۔ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں شرکت حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔