بھارت کی تامل ٹیلی ویژن انڈسٹری کے نوجوان اداکار اندر کمار نے خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ تامل اداکار اندر کمار نے گزشتہ روز اپنی ایک خاتون دوست کے گھر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کی۔
اندر کمار کے دوستوں کے مطابق وہ بدھ کے روز اپنے دوستوں کے ہمراہ فلم دیکھنے گئے تھے لیکن واپسی پر وہ اپنی دوست کے گھر اکیلے رُک گئے تھے اور اُسی گھر میں اندر کمار کے دوستوں نے اُنہیں مردہ حالت میں پایا۔
اس واقعے کے بعد اندر کمار کے دوستوں نے مقامی پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ جائےوقوعہ سے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے کہ جس کی بنا پر خودکشی کی وجہ معلوم ہوسکے تاہم پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تامل اداکار اندر کمار انڈسٹری میں کام نہ ملنے کی وجہ سے کافی اُداس تھے اور مکمنہ طور پر اُن کی خودکشی کی وجہ یہی بتائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھی اداکار سندیپ ناہر نے بھی خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا تھا جبکہ گزشتہ سال 14 جون کو سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کی تھی۔
سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سے بھارت کے کئی اداکاروں نے مختلف وجوہات کی بنا پر خودکشی کرکے اپنی زندگیاں ختم کردی ہیں۔