اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کے خوف میں مبتلا عمران نے کرائے کے ترجمانوں کی فوج ڈسکہ بھجوائی، الیکشن جیتنے والے مریم نواز کی طرح عوام میں کھڑے ہو کر بات کرتے ہیں، چھپ کر چار دیواری میں پریس کانفرنس نہیں کرتے، تین وزرائے اطلاعات ، مشیر اور وزیر صرف مریم نواز کا جواب دینے ڈسکہ آئے اور پریس کانفرنس کر کے بھاگ گئے۔ حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ آج پانچ آٹا ، چینی ، بجلی ، گیس ، دوائی اور ووٹ چور وزراء اور مشیر کو مریم نواز کی تقریر کے جواب کی فکر ہے عوام کی نہیں، کرائے کے ترجمان ڈسکہ میں چھپ کر اپنی دہشت اور غنڈہ گردی کا دفاع کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مریم نواز کا عوامی جلسہ اور ڈسکہ میں پانچ وزراء کی پریس کانفرنس ثبوت ہے کہ ووٹ چور عوام کے خوف میں مبتلا ہیں، مریم نواز اور عوام کا اتنا خوف طاری ہے کہ حکومتی ووٹ چور جتھے اور ٹولیوں میں آئے۔