لاہور (نمائندہ خصوصی ،صباح نیوز) پنجاب اسمبلی کےا سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاک، سعودی عرب تعلقات مذہبی اور دوستانہ بنیادوں پر قائم ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے سعودی عرب سے آئے ہوئے میاں عبدالرحمن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔وفد میں محمد خان بھٹی، مفتی شہباز عالم، عبدالکبیر آزاد اور میاں محمد طارق بھی شامل تھے۔انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو کلید بردار خانہ کعبہ ڈاکٹر صالح زین العابدین کا پیغام پہنچایا کہ خانہ کعبہ میں پاکستان کی سلامتی اور چوہدری شجاعت کی صحت کیلئے دعا کی گئی ۔اس موقع پر پنجاب اسمبلی کے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاک، سعودی عرب تعلقات مذہبی اور دوستانہ بنیادوں پر قائم ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کیلئے سعودی عرب سے بڑھ کر مقدس اور کچھ نہیں،پاکستانیوں کے دل مکہ اور مدینہ میں دھڑکتے ہیں، پاکستانی کورونا وائرس کے باعث عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سے عارضی محروم ہیں، دعا گو ہیں کہ اس موذی مرض سے جلد نجات حاصل ہو۔