کراچی (اسد ابن حسن) لاہور ایئرپورٹ پر کسٹم کے عملے نے متحدہ عرب امارات سے آنے والے مسافر سے 40لاکھ روپے سے زائد مالیت کی اشیاء اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ سے آنے والی پرواز ایئربلیو سے مسافر ملک عبدالرحمان، لاہور ایئرپورٹ آیا، اس کے پاس دو بڑے سوٹ کیس تھے جو وہ بغیر چیکنگ کروائے گرین چینل سے نکل رہا تھا، مگر اس کی مشکوک حرکات کی بناء پر اس کو لاؤنج کے بیرونی دروازے پر روکا گیا اور جب کسٹم حکام نے سوٹ کیس کھولے تو ان میں مصنوعی زیورات، خواتین کے مہنگے سوٹس، بچوں کے کپڑے، 10مہنگے موبائل فون، چاندی اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں جن کی مالیت 40لاکھ روپے سے زائد تھی۔ سامان ضبط کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا اور مسافر کو ذاتی مچلکے پر رہا کردیا گیا۔