• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میانمار میں انوکھا احتجاج ،لوگ بینڈ باجوں کے ساتھ سڑکوں پر نکل آئے

ینگون (جنگ نیوز )میانمار میں فوجی بغاوت کیخلاف احتجاج چوتھے ہفتے میں داخل ہوگیا۔گزشتہ روزفوجی حکومت کے خلاف انوکھا احتجاج کیا گیا اور ہزاروں افراد بینڈ باجے لے کر سڑکوں پر نکل آئے۔ شرکا نے فوجی حکومت کے خلاف احتجاج کے دوران شدید نعرے بازی کی،ینگون شہر میں ہونے والے مظاہرے میں طلبہ، انجینئرز اور سماجی کارکنوں نے حصہ لیا، مظاہرین پرامن اور منظم انداز میں ریلی کو لے کر چلتے رہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لوگوں نے سیاسی رہنماؤ کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں، لوگ جمہوریت کے حق میں اور فوجی بغاوت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے،ملٹری انتظامیہ کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں اور مظاہرین کی ہلاکت کے باوجود عوام کا احتجاج مسلسل جاری ہے۔ ادھر میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف ہفتے کو احتجاجی مظاہروں کے دوران دو افراد کی ہلاکت کے بعد فیس بک نے فوج کے زیر اہتمام چلنے والی ایک نیوز ویب سائٹ کے پیج کو ہٹا دیا ہے۔فیس بک کا کہنا ہے کہ ’ٹیٹماڈاو ٹرو نیوز انفارمیشن ٹیم پیج‘ نے تشدد پر اکسانے سے متعلق اس کے ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے۔میانمار میں فیس بک خبر رسانی کا بنیادی ذریعہ ہے۔اتوار کے روز بھی ہزاروں افراد نے اقتدار پر فوج کے قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی۔مظاہرین نے جلد انتخابات کے وعدے کو مسترد کر دیا ہے اور وہ جمہوری طور پر منتخب رہنما آنگ سان سو چی اور نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) کے دیگر راہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
تازہ ترین