تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران اور عالمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے درمیان جوہری تنصیبات تک مشروط رسائی کیلئے عارضی معاہدہ طے پاگیا ، معاہدے کے بعد امریکا، یورپی یونین اور تہران کو سال 2015کی جوہری ڈیل کی مکمل بحالی کا وقت مل گیا ہے، معاہدے کے تحت ایران عالمی توانائی ایجنسی کو اپنی جوہری تنصیبات تک مشروط طور پر رسائی دے گا ، تہران تین ماہ تک نگرانی کے آلات اور کچھ سرگرمیوں کا ریکارڈ بھی اپنے پاس رکھے گا، ایران پر عائد پابندیاں نہ اٹھائی گئیں تو تہران حکومت فوٹیج ڈیلیٹ کردے گی ، روس نے ایران کی جوہری تنصیبات کی نگرانی کیلئے عالمی توانائی ایجنسی اور ایرانی حکومت کے درمیان عارضی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے ، روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارو کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے ایران اور اس کے جوہری پروگرام سے متعلق تمام سیاسی صورتحال بہتر ہوگی ، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ان کا ملک ضرورت پڑنے پر یورینیم کو 60فیصد تک بھی افزودہ کرسکتا ہے تاہم انہوں نے اصرار کیا کہ اس کا مقصد جوہری طور پر استعمال کرنا نہیں ہوگا ۔