• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، اسکولوں میں جسمانی سزا کے خلاف بل اتفاق رائے سے منظور

قومی اسمبلی، اسکولوں میں جسمانی سزا کے خلاف بل اتفاق رائے سے منظور


اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی میں اسکول کے بچوں پرجسمانی تشدد کی ممانعت اور سود کی بنیاد پر کاروباری سرگرمیوں کی ممانعت کا بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا‘الکرم انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ کے قیام کا بل بھی منظور کرلیاگیا۔

اسلام آباد میں غیرمعیاری دودھ کی فروخت روکنے اور تعلیمی اداروں میں عربی زبان کی لازمی تعلیم سے متعلق متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپردکردیئے گئے۔

ایوان میںپی ٹی ایم کےرکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے شمالی وزیر ستان میں 4 خواتین سماجی کارکنوں کے قتل کا معاملہ اٹھایا۔جس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے معاملے پر رپورٹ طلب کر لی۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن مہناز اکبر عزیز نے اسلام آباد میں بچوں کو جسمانی سزا دینے کے خلاف احکام وضع کرنے کا بل پیش کیا جس پر وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت بل کی ایک شق میں ترمیم چاہتی ہے۔

جس پر حکومتی ترمیم کو بل کا حصہ بنا لیا گیا اور قومی اسمبلی نے بل کی شق وار منظوری دے دی جس کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حد تک ہو گا۔

بل کے متن میں کہا گیا کہ سرکاری و غیر سرکاری، کام کرنے کی جگہ، تعلیمی اداروں، مدارس، ٹیوشن سینٹرز میں بچوں پر جسمانی تشدد کی ممانعت ہو گی۔

اس میں کہا گیا کہ بچے کے خلاف کسی قسم کی تادیبی کارروائی میں جسمانی تشدد شامل نہیں ہو گا اور مرتکب افراد کو نوکری سے فارغ کرنے کی انتہائی سزا دی جا سکتی ہے۔ 

مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی مہناز اکبر عزیز نے آئین میں عمر بلوغت درج کرنے کا آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا۔

تازہ ترین