• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور قلندرز PSL6 جیتنے کی سنجیدہ امیدوار ہے، ڈیوڈ ویئسا

پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ ویئسا کا کہنا ہے کہ قلندرز اب وہ ٹیم نہیں رہی کہ جسے کوئی کمزور یا ٹیبلز پر آخری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم سمجھے، یہ ایک مضبوط ٹیم اور پی ایس ایل جیتنے کی سنجیدہ امیدوار ہے۔

جیو نیوز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈیوڈ ویئسا نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ابتدائی دو میچز میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے جس سے پیغام جاتا ہے کہ اس بار کیا ارادے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب قلندرز وہ ٹیم نہیں کہ جس کو ٹیبل کی آخری ٹیم سمجھا جائے، اب قلندرز ایک مضبوط اسکواڈ بن چکے ہیں جس کو آسان نہیں سمجھا جاسکتا۔

متعدد جارحانہ اننگز کھیلنے والے 35 سالہ کرکٹر نے کہا کہ پاور ہٹنگ کو بہتر کرنے کیلئے گالف کھیلنا اہم ہے کیوں کہ پاور ہٹنگ میں جو بیٹ سوئنگ درکار ہے، وہی بیٹ سوئنگ پاور ہٹنگ میں درکار ہوتا ہے۔

ڈیوڈ ویئسا نے محمد حفیظ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ گالف کھیل کر ان کی ہٹنگ کافی بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سب کو معلوم ہوچکا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے شاندار انتظامات ہیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ٹاپ لیول کی کرکٹ کی میزبانی کرسکتا ہے، یہاں انہیں کبھی بھی کوئی خطرہ یہ عدم تحفظ کا احساس نہیں ہوا۔

جنوبی افریقی کرکٹر نے لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ کسی فرنچائز کا ٹیلنٹ کو یوں تلاش کرنا اور اس کو پرفارم کرنے کیلئے تیار کرنا یہ سب کچھ بہت حیران کن اور کافی شاندار کام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

تازہ ترین