لاہور،سیالکوٹ،وزیرآباد(نمائندگان جنگ ، نیوزڈیسک)مسلم لیگ(ن) کی نائب صدرمریم نوازنے کہا ہے کہ ڈسکہ میں دھاندلی وزیراعظم کی ماتحت ایجنسیوں نے کرائی،دھاندلی میں ملوث ایجنسی کا نام لیں ورنہ میں بتائوں گی،اگر اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار نہیں تو اسے غیر جانبدار ہونا چاہئے۔
اوپن بیلٹ ریفرنس سیاسی مسئلہ ہے،سپریم کورٹ پارٹی نہ بنے،ورنہ قوم اسےجانبداری سمجھے گی، حمزہ شہباز کے باہرآنے سےہم ایک اورایک گیارہ ہوگئے،پرویزرشید معاملے میں حکومت بے نقاب ہوئی۔
لاہورمیں میڈیاسے گفتگومیں انہوں نے کہا حمزہ شہباز نے جرات اور بہادری سے ظلم و جبر کا مقابلہ کیا، براڈ شیٹ کیس میں نوازشریف کو الٹا45 لاکھ ادا کرنا پڑ گیا۔پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہوئی ۔
قومی خزانے کو آٹا چوروں اور چینی چوروں نے جو نقصان پہنچایا اس کا حساب دینا ہوگا۔قوم کے ٹیکس کے پیسے بنی گالہ کا محل یا زمان پارک کا گھر فروخت کرکے رقم وصول کی جائے گی۔پرویز رشید کو کیوں باہر رکھا گیا وہ سب جانتے ہیں۔
پرویز رشید نوازشریف اور مریم نواز کے صف میں کھڑے ہو گئے ہیں۔جو شخص جھکنے سے انکار کردیتا ہے اس کے ساتھ ایسا ہی ہوتا ہے۔جو بدنام زمانہ غنڈہ ہے اس کے کاغذات منظور ہو جاتے ہیں ،اوپن بیلٹ صدارتی ریفرنس ایک سیاسی مسئلہ ہے ۔
سپریم کورٹ اس میں پارٹی نہ بنے۔اس میں رائے یہی آئے گی کہ عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کےلئے سپریم کورٹ میدان میں آتی ہے تو قوم عدالت کو جانبدار سمجھے گی،مریم نواز نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں ووٹ چوروں کے خلاف ریفرنڈم تھا،ڈسکہ اور وزیرآباد کی دو شیرنیوں نے حکومت کو دن میں تارے دکھا دئیے۔