لاہور(نمائندہ جنگ، این این آئی) لاہور ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں حمزہ شہباز شریف کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی،جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل بنچ نے ایک ایک کروڑ روپے کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض حمزہ شہباز کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ سماعت کے اہم ترین حصہ میں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے نیب وکیل سے استفسار کیا میرٹ پر تو حمزہ کی درخواست ضمانت تو پہلے ہی خارج ہو چکی ہے، آپ ہارڈشپ کی بنیادپر دلائل دیں، پراسکیوٹر نے موقف اپنایا کہ ضمانت کی منظوری کیلئے حمزہ شہباز کی جانب سے ہارڈ شپ کا ذکر ہی نہیں کیا گیا کہ انہیں کیا دشواری ہے؟ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال نے کیس کی سماعت کی۔