کراچی (نیوزڈیسک) بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر پاکستانی تنقید مسترد کردی ہے، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اٹھایا تھا۔ اس کے جواب میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب میں بھارت نے اپنے رد عمل میں کہا کہ اسلام آباد حکومت کو چاہئے کہ ریاست کی سرپرستی میں دہشتگردی ختم کرنے پر توجہ مرکوز کرے اور اس کیلئے اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ میں بھارتی مشن کی نائب سیکرٹری سیما پوجانی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے معاملے میں پاکستان کا ریکارڈ دنیا میں بدترین ہے جہاں منظم طور اقلیتوں کیساتھ تفریق اور ان کیساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کیخلاف پراپگینڈا نیا نہیں ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 126 شخصیات اور اداروں کو دہشتگردوں کی عالمی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جن میں سب سے زیادہ تعداد پاکستان کی ہے جہاں 24 افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔