اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت سیز فائر اتفاق کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی ایم اوز کے رابطے مثبت پیش رفت ہے، بھارت کی جانب سے سیز فائر پر آمادگی خوش آئند، مستقبل کیلئے اچھا آغاز ثابت ہوسکتا ہے۔ بھارت کو خلوص نیت کیساتھ اس سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرنا ہو گی۔بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدام کے بعد ماحول میں جو بگاڑ پیدا ہوا اس کی درستی کیلئے اسے اہم موقع سمجھتا ہوں۔جمعرات کو بیان میں وزیر خارجہ نےکہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین جتنے سی بی ایم ہوئے ان میں سب سے اہم سیز فائر معاہدہ تھا۔بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہم مسلسل احتجاج کرتے رہے۔سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی سے جہاں خطے میں تناؤ بڑھ رہا ہے وہاں امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ جب تک ماحول سازگار نہیں ہو گا ہم مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر پیش رفت کیسے کر سکیں گے؟بھارت سرکار کو اپنی کشمیر پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہو گی۔