اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سابق وزیر داخلہ و چیئرمن سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ صحت مند آبادی ملک کے معیار زندگی‘ اقتصادی اور معاشی ترقی کو بڑھاتی ہے۔ پاکستان میں بیماریوں میں اضافہ غیر محفوظ خوراک کی وجہ سے ہے۔ جس شرح سے پاکستان میں صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں وہ تشویشناک ہے۔ غیر محفوظ خوراک نئی قسم کی بیماریوں کا سبب بن رہی ہیں‘ سینیٹر رحمان ملک نے صحت مند خوراک کے حصول پر تربیتی سیمینار میں بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ شدہ دودھ اور مردہ جانوروں کا گوشت اسلام آباد اور راولپنڈی میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں قانون سازی اور آئی سی ٹی فوڈ اتھارٹی کے قیام اور ہر ضلع میں سلاٹر ہاؤس کے قیام کی بھی سفارش کی تھی۔