پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے آٹھویں میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ایونٹ میں کوئٹہ کی یہ مسلسل تیسری شکست ہے۔
کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 198 رنز بنائے، جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم نے ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل صرف 3 رنز بناکر عثمان شنواری کو وکٹ دے بیٹھے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 13 رنز تھا۔
کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹام کوہلر۔کیڈمور بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ صرف 4 رنز بناکر ڈیل اسٹین کا شکار بن گئے۔
دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد اوپنر امام الحق اور حیدر علی نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 52 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 79 تک پہنچایا، اس موقع پر امام الحق 30 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیل کر حیدر علی کا ساتھ چھوڑ گئے۔
پشاور زلمی کو چوتھا نقصان حیدر علی کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 29 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر اسٹین کی گیند پر ڈوپلیسی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کا اسکور 145 پر پہنچا تو سینئر بیٹسمین شعیب ملک 34 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
ایک موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ یہ میچ پشاور زلمی کے ہاتھوں سے نکل گیا ہے لیکن ڈیل اسٹین کے چوتھے جبکہ اننگز کے 19ویں اوور میں وہاب ریاض نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 2 چھکے لگا کر ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔
وہاب ریاض نے 8 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز بنائے۔
پشاور زلمی نے19.3 اوورز میں 202 رنز بناکر فتح حاصل کی، ڈیل اسٹین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد حسنین، عثمان شنواری اور زاہد محمود اور بین کٹنگ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کے لیے199 رنز کا ہدف دیا۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 81 ،اعظم خان 47 اورفاف ڈیو پلیسی 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔