• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی طلبہ کیلئے آسٹریا میں بہترین مواقع ہیں، آفتاب کھوکھر

ویانا(اکرم باجوہ) یونیورسٹیوں میں تعلیمی مواقع اور پوسٹ اکیڈمک کیریئر ڈویلپمنٹ کے بارے میں سفارتخانہ پاکستان ویانا، کومسیٹس(COMSATS) یونیورسٹی آسٹریا، اسلام آباد اور آسٹریا میں پاکستانی پیشہ ور افراد کے تعاون سے آسٹریا کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی مواقع اور تعلیم کے بعد کیریئر کے بارے میں ایک ویبنار کا اہتمام کیا گیا۔ اس میں COMSATS کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم ، جنید زیدی ، COMSATS یونیورسٹی اسلام آباد کے طلباء اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے اس پروگرام کے انعقاد کے لئے تعاون کرنے پر آسٹریا میں COMSATS یونیورسٹی اور پاکستانی پیشہ ور افراد کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم دو ممالک کو آپس میں جوڑنے اور ان کے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے بہت اہم شعبہ ہے۔پاکستانی طلبا جو ملک کا مستقبل ہیں آسٹریا میں اپنے مثبت طرز عمل اور علمی قابلیت کے ذریعہ پاکستان کے نرم امیج کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ خواہشمند پاکستانی طلبا کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ پاکستانی پیشہ ور خرم افتخار نے آسٹریا کی یونیورسٹیوں میں داخلے کے عمل، چیلنجز اور آسٹریا میں تعلیم حاصل کرنےکیلئےآگے جانے والے طریقوں کے بارے میں طالب علموں کو آگاہ کیا۔فیصل مسعود نے آسٹرین یونیورسٹیز میں درخواستوں پر آسانی سے عمل درآمد اور تعلیم کے بعد کیریئر کی ترقی کیلئے مفید اقدامات کے بارے میں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ واصف مسعود نے خواہشمند طلبہ کے ساتھ جدید ترین تکنیکی رجحانات پر روشنی ڈالی۔منتظیر عباس نے COMSATS سے آسٹریا کی یونیورسٹی کے سفر کے دوران اپنے ذاتی تجربات شیئر کیے۔انہوں نے طلباء کو آسانی سے داخلہ حاصل کرنے اور بغیر کسی ویزا ایجنٹوں کی مدد کے یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے رہنمائی کی تاکہ وہ استحصال سے بچ سکیں۔ویبنار کے انعقاد کیلئے پاکستانی سفارتخانے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے غیر ملکی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیم اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ویبنار COMSATS کے طلباء کی رہنمائی کے لئے بہت کارآمد تھا۔ انہوں نے طلبہ کی سہولت کیلئے اس طرح کی مصروفیت کو جاری رکھنے کی تجویز پیش کی۔ سفیر آفتاب کھوکھر نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ سفارتخانہ ویانا تعلیم کے شعبے میں آسٹریا کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کیلئے اس طرح کے ویبنارز کا سلسلہ جاری رکھے گا کیونکہ اس سے پاکستان کے انسانی وسائل کی ترقی اور آسٹریا کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

تازہ ترین