• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقلیتی عبادت گاہوں کی حفاظت کیلئے اسپیشل پولیس یونٹ کی سفارش

کراچی (امداد سومرو) 2014کے اقلیتوں کے حقوق فیصلے پر عمل درآمد کی نگرانی کرنے کیلئے سپریم کورٹ کی ہدایت پر تشکیل دیے گئے کمیشن نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت کیلئے اسپیشل پولیس یونٹ کے قیام کی سفارش کردی۔ 2014 میں دئیے گئے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روشنی میں اقلیتوں کے حقوق پر عملدرآمد کی نگرانی کرنے کیلئے ڈاکٹر شعیب سڈل پر مشتمل ایک رکنی کمیشن سپریم کورٹ کی ہدایت پر تشکیل دیا گیا تھا۔ ڈاکٹر سڈل کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقدہ کمیشن کے اجلاس میں اس بات کی سفارش کی گئی۔ کمیشن نے چاروں صوبائی حکومتوں بشمول گلگت بلتستان ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور آزادکشمیر کو ہدایت کی کہ وہ خصوصی پولیس یونٹوں کی اپنی متعلقہ ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کریں تاکہ عملدرآمد رپورٹ جلد از جلد سپریم کورٹ میں پیش کی جاسکے۔ اجلاس کے شرکاء نے بتایا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لئے اس وقت عارضی انتظامات کیے جارہے ہیں اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پیز) روزانہ کی پولیسنگ کی ضروریات پر سمجھوتہ کرتے ہوئے اپنے ضلعی وسائل سے تعیناتیاں کر رہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک یکسو پولیس یونٹ کی تشکیل کی ضرورت ہے اور ہر ضلع میں عبادت گاہوں کی تعداد کی بنیاد پر ضروریات کے مطابق اس طرح کی اضافی آسامیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین