قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و بیٹسمین کامران اکمل کہتے ہیں کہ وہ عمر اکمل کو جلد فیلڈ میں کھیلتا دیکھنے کے منتظر ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کامران اکمل نے اپنے چھوٹے بھائی عمر اکمل کے ہمراہ یادگار تصویر شیئر کی۔
مذکورہ تصویر میں کامران اکمل اور عمر اکمل ہاتھ میں بلّا لیے ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہے ہیں جبکہ یہ دونوں کھلاڑی کرکٹ گراؤنڈ میں موجود ہیں۔
کامران اکمل نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ہر ایک چیز کے لیے الحمدلِلّٰہ۔‘
قومی کرکٹر نے عمر اکمل سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’میں جلد تمہیں فیلڈ میں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میری تمام دعائیں اور نیک خواہشات تمہارے ساتھ ہیں۔‘
واضح رہے کہ عالمی ثالثی عدالت نے انڈیپنڈنٹ ایڈجوڈیکٹر کے فیصلے کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ اور عمر اکمل کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا ہے۔
فیصلے کے مطابق پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی شق 2.4.4 کی ایک مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر 12 ماہ کی پابندی اور 42 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
عمر اکمل پر ایک سال کی پابندی کی میعاد 19فروری 2021ء کو پوری ہوچکی ہے ان پر 20 فروری 2020ء کو اسپاٹ فکسنگ کی بر وقت اطلاع نہ دینے پر معطل کرتے ہوئے 3 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔