• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افواج نے سرحدوں کو دشمن کی جارحیت سے محفوظ رکھا، راجہ بشارت

لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے سرپرائزڈے پر ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 2سال قبل پاک فضائیہ اور پاک آرمی کی دشمن ملک کے خلاف حیران کن کارکردگی نے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پاک افواج پر فخر ہے جس نے ایک طرف ملکی سرحدوں کو دشمن کی جارحیت سے محفوظ رکھا اور دوسری طرف ہزاروں قربانیاں دے کر مسلط کردہ دہشت گردی کی سب سے بڑی جنگ کو شکست دی۔ راجہ بشارت نے کہا کہ دو سال کے عرصہ میں مودی کو اس واقعہ سے اتنی ہزیمت کا سامنا رہا کہ دربارہ ہماری طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرات نہیں ہوئی اور ابھی تک اپنی قوم کو صفائیاں دینے میں مصروف ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ کشمیری بھائیوں کو طویل جدو جہد کا پھل ضرور ملے گا اور وہ بھارت کے غاصب قبضے سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ اس کے بعد جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے قیدی پائلٹ ابھی نندن کو چائے پلا کر دشمن ملک کے حوالے کیا اس نے قومی و ملکی وقار کو چار چاند لگا دیے۔ راجہ بشارت نے مزید کہا کہ اس واقعے نے جہاں ہمیں بھارت پر اخلاقی فتح دلائی وہیں دنیا کو باور کرا دیا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین افواج ہیں جس سے تین گنا بڑا دشمن بھی خائف رہتا ہے۔
تازہ ترین