لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک کو حقیقی قیادت سے73برس سےبزورزرمحروم رکھا گیا ہے۔سینیٹ جسے ایوان بالا کہا جاتا ہے جہاں قوم کی تقدیر کے فیصلے مشاورت جرگہ اور رہنما ئی کا سامان ہوتا ہے لیکن دنیا دیکھ رہی ہے کہ کس طرح سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں نے دولت مندوں کو دولت کی بنیاد پر ریوڑیا ں بیچیں۔حافظ سلمان بٹ کی رحلت سے لگا میدان کار زار کا دست و بازو ٹوٹ گیا۔ ان کی رحلت پر جتنے بھی پیغامات ملے ان سے اندازہ ہوا کہ حافظ سلمان نے دل فتح کئے تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ہال میں جماعت اسلامی کے رہنما سابق ممبر قومی اسمبلی حافظ سلمان بٹ مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ حافظ سلمان بٹ مرد مجاہد ، داعی الی اللہ ، صاحب کردار شخصیت تھے جو لوگ اپنی زندگی کو نظریئےپرقربان کرتے ہیں موت اس کو فنا نہیں کرسکتی ۔ان کے جانے سے سب سےزیادہ صدمہ امیر جماعت کو ہوا۔ تعزیتی ریفرنس سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم،ممبر قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق اور پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر نو منتخب سینیٹر اعجاز چوہدری نے بھی خطاب کیا، تعزیتی ریفرنس میں ذکر اللہ مجاہد، جاوید قصوری،قیصر شریف،انجینئر اخلاق احمد، اعجاز احمد چوہدری،سابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی، زاہد شاہ،شمس الرحمن سواتی،انجینئر یاسر گیلانی، خورشید احمد،تنویر ضیا بٹ،ملک شاہد اسلم، ضیا الدین انصاری،حسان بن سلمان،جبران بن سلمان،حمزہ محمد صدیقی،شاہد نوید ملک،شیخ محمد انور بھی موجود تھے۔