کوٹری(نامہ نگار)سندھ یونیورسٹی کالونی میں آوارہ کتے کے کاٹنے سے 3سالہ بچی ایمان شدید زخمی ہوگئی جوکہ دوران علاج ہلاک ہوگئی۔ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشوروفریدالدین مصطفیٰ نے محکمہ ریونیو،صحت اور بلدیاتی حکام کو فوری طلب کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس کیاجس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جامشورو/ایڈمنسٹریٹر کوٹری، بھولاری میونسپل کمیٹی علی ذوالفقار میمن،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ جامشورو،چیف آفیسر بلدیہ کوٹری ضلعی کونسل جامشورو ،یونین کونسل کے سیکریٹری کے علاوہ مختیار کار اور ضلعی صحت افسر نے شرکت کی۔ڈی سی جامشورو نے بچی کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر سہولت فراہم کرنے کےلئے تمام تر وسائل بروئےکار لائے جائیں اور بلدیاتی حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فوری اپنے اپنے علاقوں میں آوارہ کتوں کےخلاف بھرپور مہم چلائی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کو ہلاک کرکے فوری ٹھکانے لگانے کےلئے موثر اقدامات عمل میں لائے جائیں۔