پشاور(کرائم رپورٹر) تھانہ حیات آباد پولیس نے گزشتہ شب ڈرِفٹنگ کرنیوالے اوباش نوجوانوں کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن کے دوران 5 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار نوجوان حیات آباد کی مختلف سڑکوں پر ڈرِفٹنگ کر رہے تھے جن سے انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ تھا۔ ملزمان کے قبضے سے 5 موٹر کاریں تحویل میں لی گئی ہیں جن کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ ایس پی کینٹ محمد طاہر وزیر کو ملنے والی عوامی شکایات پر اے ایس پی حیات آباد ناصر محمود کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ حیات آباد محمد علی نے گزشتہ روز ڈرِفٹنگ کرنے والے 5 افراد حسین ، محمد شہباز ، شیر خان ، حمزہ اور محمد احمد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے 5 موٹر کاریں بھی پولیس تحویل میں لے لی ہیں۔