سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے سینٹ الیکشن میں ووٹ مانگنے کے لئے تمام اراکین قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا۔
یوسف رضا گیلانی نے خط میں کہا کہ ارکان قومی اسمبلی 3 مارچ کے سینیٹ الیکشن کے لیے انہیں ووٹ دیں، آج کیے گئے فیصلے مستقبل کی سمت طے کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے خط میں کہا کہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا، 1985ء سے پارلیمان کا حصہ ہوں، 4 دہائیوں کا سیاسی سفر سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے خط میں تحریر کیا کہ بطور وزیراعظم حزب اختلاف کیلئے وزیراعظم ہاؤس کے دروازے کھلے رکھے، سینیٹ الیکشن کے لئے یکجہتی کی ضرورت ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے خط میں مزید کہا کہ پارلیمان کے تقدس کے لیے اکٹھے ہونا ہے، سیاسی و نظریاتی اختلاف جمہوریت کا حسن ہیں، الیکشن اپنی انا کی تسکین یا کسی حکومت کے خلاف نہیں لڑ رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے 3 مارچ کو میری زندگی اور کردار کو مدنظر رکھ کر ارکان فیصلہ کریں گے۔