• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید اختر کیس میں کنگنا رناوت کے وارنٹ گرفتاری جاری

معروف بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے کیس میں اداکارہ کنگنا رناوت کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کی مقامی عدالت نے یکم مارچ کو مذکورہ کیس سے متعلق عدالت میں پیش نہ ہونے پر بالی ووڈ کوئن کے وارنٹ جاری کیے۔ 

واضح رہے کہ نغمہ نگار جاوید اختر نے ایک درخواست دائر کی تھی جس میں انھوں نے الزام عائد کیا تھا کہ کنگنا رناوت نے قومی ٹیلی وژن پر بیٹھ کر ان کی تضحیک کی ہے۔

جاوید اختر کی اس درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے عدالت نے کنگنا رناوت کو یکم مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ 

مجمسٹریٹ آر آر خان نے یکم فروری کو کنگنا رناوت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انھیں طلب کیا تھا۔ 

تاہم آج (یکم مارچ کو) جاوید اختر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پہنچ گئے تھے، لیکن کنگنا رناوت عدالت نہیں پہنچ سکیں، جس کے بعد عدالت نے ان کی قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جاوید اختر نے ممبئی کے علاقے اندھیری میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا جس میں انھوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کنگنا راناوت نے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت پر میڈیا کو دیے گئے بیانات اور تبصروں میں بے بنیاد تبصرے کیے جس سے ان کے وقار کو نقصان پہنچا ہے۔

اپنے خلاف الزامات عائد کیے جانے پر جاوید اختر نے تعزیرات ہند کے تحت کنگنا رناوت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

جاوید اختر کا کہنا تھا کہ کنگنا رناوت نے بے بنیاد تبصروں میں ان کا خواہ مخواہ ذکر کیا۔ جو ان کی بدنامی کا سبب اور شہرت کے لیے نقصان کا باعث ہے۔

واضح رہے کہ کنگنا رناوت اقربا پروری اور شفافیت کے فقدان پر بالی ووڈ کے فنکاروں پر تنقید کرتی رہی ہیں۔

تازہ ترین