• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاحت کے فروغ کیلئے یورپین کمیشن کی کوویڈ-19 ویکسینیشن پاسپورٹ کی تجویز

یورپین کمیشن سیاحت کے فروغ کے لیے اس ماہ ممبر ممالک کے سامنے کوویڈ-19 ویکسینیشن پاسپورٹ کی تجویز رکھے گا۔

اس بات کا اعلان یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے آج اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ویکسین پاسپورٹ کے لیے ممبر ممالک کے سامنے اس ماہ ایک ڈرافٹ لاء پیش کرنے جارہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ ویکسین پاسپورٹ ’ڈیجیٹل گرین پاس‘ کہلائے گا، جس میں حامل شخص کے بارے میں اس بات کا ثبوت ہوگا کہ اس شخص کو ویکسین لگ چکی ہے، اس میں پرانے کورونا ٹیسٹ کے رزلٹس ہوں گے جبکہ کورونا ریکوری سمیت دیگر طبی معلومات بھی دستیاب ہونگی۔

اس کے ساتھ ہی ارسلا واندرلین نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں ڈیٹا پروٹیکشن، سیکیورٹی اور پرائیویسی کا احترام کیا جائے گا۔

کمیشن کی صدر نے مزید کہا کہ یہ ’ڈیجیٹل گرین پاس‘ یورپین زندگیوں کو آسان کرے گا، اسکا مقصد یہ ہے کہ وہ بتدریج یورپ اور اس سے باہر تحفظ کے ساتھ سفر کر سکیں۔

یاد رہے کہ یورپین کمیشن پر اسپین، اٹلی اور یونان سمیت کئی ایسے ممبر ملکوں کا سفر کی اجازت کے لیے دباؤ ہے، جن کی معیشت کا دار و مدار سیاحت پر ہے۔ لیکن بیلجیئم سمیت کئی دیگر مغربی یورپ کے ممالک اس تجویز پر فوری عمل درآمد کے حق میں نہیں ہیں۔

تازہ ترین