آپ آف لائن ہیں
منگل7؍رمضان المبارک 1442ھ 20؍اپریل2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

بشریٰ عمران کا داتا دربار کے قریب پناہ گاہ کا دورہ


وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ اور خاتون اول بشریٰ عمران خان نے مزار حضرت داتا گنج بخشؒ کے قریب پناہ گاہ کا دورہ کیا۔

بشریٰ عمران کے ہمراہ اُن کی دوست فرح خان بھی تھیں، خاتون اول نے پناہ گاہ میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔

خاتون اول بشریٰ عمران نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے کھانے کے معیار اور رہائشی سہولتوں کے بارے دریافت کیا۔

بشریٰ عمران سے گفتگو میں پناہ گاہ میں مقیم افراد نے کھانے کے معیار کی تعریف کی اور خاتون اول کو اپنے مسائل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم کی اہلیہ نے مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔


لوگوں نے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر خاتون اول بشریٰ عمران کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے انتظامات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔

بشریٰ عمران نے مزید کہا کہ پناہ گاہوں کی عمارتوں کی ضروری مرمت کےلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریں گے، پناہ گاہوں کی عمارتوں کی دیکھ بھال کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کھلے آسمان تلے سونے والے افراد کو چھت دی ہے، یہ ان لوگوں پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔

خاتون اول نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے بھی صلہ رحمی کا حکم دیا ہے، پناہ گاہوں میں مقیم لوگوں کا خصوصی خیال رکھنا ذمہ داری ہے، فرض بھی اور نیکی بھی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت سے خالق بھی راضی ہوتا ہے اور مخلوق بھی ہے۔

پناہ گاہ میں مقیم افراد نے بشریٰ عمران کو بتایا کہ پناہ گاہ میں گھر جیسا ماحول ہے، پناہ گاہیں بنانا آپ کی حکومت کا مثالی اقدام ہے، پہلے فٹ پاتھ پر رات گزارنی پڑتی تھی، اب یہاں سکون سے سوتے ہیں اور کھانا بھی ملتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید