• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لازوال فلم ’ہیر رانجھا‘ کے رانجھا اعجاز درانی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی فلموں کے رومانوی ہیرو کہلائے جانے والے اور 1970 کی مقبول فلم ’ہیر رانجھا‘ میں ’رانجھا‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار اعجاز درانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔اعجاز درانی نے اپنی زندگی کا نصف سے زائد حصہ فلم انڈسٹری کو دیا اور انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کے سنہرے دور کے چند مقبول اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔اعجاز درانی گجرات کے گاؤں میں پیدا ہوئے اور1956 میں اداکاری کا آغاز کیا۔اعجاز درانی نے ’حمیدہ‘ فلم سے اداکاری کا آغاز کیا تاہم انہیں 1960 کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی۔اعجاز درانی نے شاندار فلمی کیریئر کے دوران 150 سے زائد فلموں میں کام کیا، ان کی مقبول فلموں میں ’ڈاکو کی لڑکی، گلبدن، عزت، وطن، فرشتہ، شہید، دوشیزہ، بدنام، سرحد، دوست دشمن، گناہ گار، بیٹی، بیٹا، دھوپ اور سائے، جوانی مستانی، ظال، دلبر، دلدار، ناجو، پاک دامن، ہیر رانجھا، زرقا، سلطان، ضدی اور شعلے‘ سمیت دیگر شامل ہیں۔اعجاز درانی کو ملکہ ترنم نورجہاں سے تین بیٹیاں ہیں اور دونوں کی شادی محض ایک دہائی تک ہی چل سکی تھی۔ انہوں نے مجموعی طور پر تین شادیاں کیں۔اعجاز درانی طویل العمری کے باعث گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور وہ اسپتال میں بھی زیر علاج رہے تھے تاہم یکم مارچ کو وہ انتقال کر گئے۔اعجاز درانی ایک اداکار و فلم ساز ہونے کے ساتھ ساتھ ایک کامیاب بزنس مین بھی تھے۔ ان کا شمار ان چند فلمی شخصیات میں ہوتا ہے جو اداکاری اور فلم سازی کے ساتھ ساتھ سنیما کے مالک بھی رہے۔ لاہور اور راولپنڈی میں واقع سنگیت سنیما انہی کی ملکیت تھی۔ 70 کی دہائی کے اواخر میں ایک اسمگلنگ کیس کی وجہ سے انہیں لندن میں جیل میں بھی چند سال گزارنے پڑے، لیکن وطن واپسی پر انہوں نے ایک بار پھر فلموں کا رخ کیا اور کامیاب رہے۔اعجاز درانی کی وفات پر شوبز شخصیات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔

تازہ ترین