• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منیبہ مزاری نے گزشتہ 13 سالوں میں کیا سیکھا؟

معروف سماجی کارکن، آرٹسٹ، موٹیویشنل اسپیکر اور اقوام متحدہ کی سفیر برائے خیرسگالی منیبہ مزاری نے مداحوں کو بتادیا کہ اُنہوں نے اپنی زندگی کے گزشتہ 13 سالوں میں کیا سیکھا۔

منیبہ مزاری نے اپنی زندگی کے خوفناک حادثے کے 13 برس مکمل ہونے پر اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے۔


اُنہوں نے انسٹاگرام پر ایک فوٹو کولاج شیئر کیا جو تین تصویروں کو ملا کر بنایا گیا ہے جس میں دو تصاویر اُن کے کار حادثے کی ہیں جبکہ ایک تصویر میں ویل چیئر پر بیٹھی مسکرا رہی ہیں۔

منیبہ مزاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’اس حادثے کو 13 سال ہوئے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں اس موقع پر اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہتی ہوں کیونکہ میں نے اس عرصے کے دوران توکل، صبر اور شُکر کرنا سیکھا۔‘

منیبہ مزاری کی اس پوسٹ پر اب تک دو لاکھ سے زائد لائکس آچکے ہیں جبکہ شوبز فنکاروں اور صارفین کی جانب سے منیبہ مزاری کی ہمت پر داد بھی دی جارہی ہے۔ 

خیال رہے کہ صنفی مساوات اور خواتین کو خود مختار بنانے کے اقوام متحدہ کے ادارے برائے خواتین (یو این ویمن) نے 2015 میں منیبہ مزاری کو پاکستان کی پہلی خاتون خیر سگالی کی سفیر بھی مقرر کیا۔

کار حادثے میں اپنی دونوں ٹانگوں سے معذور ہونے والی منیبہ مزاری مصنفہ، گلوکارہ اور سماجی کارکن ہیں، جو خواتین کے خلاف صنفی امتیاز کی روک تھام کے لیے سرگرم رہتی ہیں۔

تازہ ترین