• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز کی کاوش رائیگاں، گلیڈی ایٹرز پھر ناکام، اسلام آباد نے تختہ مشق بنادیا

کراچی (عبدالماجدبھٹی/اسٹاف رپورٹر) سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا ۔ منگل کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے تختہ مشق بناتے ہوئے اسے چھ وکٹ سے شکست دے دی۔ اسلام آباد نے فہیم اشرف کے اسپیل اور پال اسٹرلنگ کی دھواں دار اننگز کی بدولت میچ آسان سے جیت لیا۔ کپتان سرفراز احمد کی جارحانہ اننگز رائیگاں گئی ۔ سرفراز کے علاوہ نہ بیٹنگ چلی اور نہ بولنگ کام آئی۔ اسلام آباد نے ہدف تین اوورز پہلے چار وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ آصف علی16اور حسین طلعت ایک رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ اسٹرلنگ نے33گیندوں پر56 رنز کی اننگز کی۔ ایلکس ہیلز نے23 رنز بنائے۔ دونوں کے وکٹ لیگ اسپنر زاہد محمود کے حصے میں آئے۔ روحیل نذیر28گیندوں پر34رنز بناکر ڈیل اسٹین کا شکار بنے۔ شاداب خان نے21رنز بنائے۔ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے پال اسٹرلنگ نے نصف سنچری صرف21 گیندوں پر بنائی ان کی اننگز میں دو چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔ اسٹرلنگ اور ہیلز نے پہلی وکٹ پر35گیندوں پر76 رنز بنائے۔ سرفراز احمد نے افتخار احمد کے ایک اوور میں مسلسل چار چھکے مارے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری 31گیندوں پر بنائی۔ سرفراز احمد نے چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے54رنز بنائے۔ سرفراز احمد کے آئوٹ ہونے کے بعد اننگز سست روی کا شکار ہوگئی۔ ا ٓخری سات اوورز میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگا۔ محمد نواز 29گیندوں پر31رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ انہوں نے ایک چوکا اور ایک چھکا مارا۔ فہیم اشرف نے چار اوورز میں گیارہ رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ حسن علی نے 23رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7 وکٹوں پر 156 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ حسن علی کے پہلے اوور میں صائم ایوب نے ایک چوکے کی مدد سے 5 رنز بنائے لیکن پانچویں گیند پر پال اسٹرلنگ کو کیچ دے دیا۔21 رنز پر فہیم اشرف نے ڈیل پورٹ کو آؤٹ کردیا۔ تیسرا اور بڑا دھچکا حسن علی نے پہنچایا جب ڈوپلیسی 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے 41 کے اسکور پر اعظم خان کوبھی چار رنز پر آؤٹ کردیا ۔ بین کٹنگ نے جارحانہ کھیل پیش کیا ،محمد وسیم کی گیند پر ان کا کیچ بھی چھوٹا ، جس کے بعد انہوں نے ایک چھکا بھی لگایا۔10 ویں اوور کی پانچویں گیند پر خطرناک ثابت ہونے والے کٹنگ آئوٹ ہوگئے، انہوں نے دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

تازہ ترین